بہار میں جرائم پیشے چلا رہے حکومت: تیجسوی یادو
بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’بہار میں اب جرائم پیشے ہی حکومت چلا رہے ہیں۔ جرائم اور اعمالِ بد میں روزانہ اضافہ این ڈی اے کی اجتماعی ناکامی ہے۔‘‘
پٹنہ ہوائی اڈے پر انڈیگو ائیرلائنس کمپنی کے اسٹیشن منیجر روپیش کمار سنگھ کے قتل کو لے کر پولس ابھی سراغ تلاشنے کی کوشش میں لگی ہے، وہیں اپوزیشن بہار میں نظامِ قانون کو لے کر ایک بار پھر برسراقتدار طبقہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے۔ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے تو وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بہار میں جرائم پیشے ہی حکومت چلا رہے ہیں۔
بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے بدھ کو اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’حکومت کا تحفظ رکھنے والے جرائم پیشوں نے پٹنہ میں ائیر پورٹ منیجر روپیش کمار سنگھ کا ان کی رہائش گاہ کے باہر گولی مار کر قتل کر دیا۔ وہ ملنسار اور مددگار شخصیت کے مالک تھے۔ ان کی بے وقت موت سے بہت غمزدہ ہوں۔ بھگوان ان کی روح کو سکون عطا کرے۔‘‘
تیجسوی یادو نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا کہ ’’بہار میں اب جرائم پیشے ہی حکومت چلا رہے ہیں۔ غیر اخلاقی اور ناجائز حکومت کے تحفظ میں جرائم اور اعمالِ بد کی روزانہ بڑھتی تعداد این ڈی اے کی اجتماعی ناکامی ہے۔ نتیش جی کے ذریعہ جرائم پیشوں کو چھپانے کی کوشش اور اسے قبول نہیں کرنا ہی سب سے بڑا جرم اور جرائم پیشوں کے لیے رام بان (راحت) ہے۔ ان سے بہار نہیں سنبھل رہا، وہ بلا تاخیر استعفیٰ دیں۔‘‘
دوسری طرف جن ادھیکار پارٹی کے سربراہ اور سابق رکن پارلیمنٹ پپو یادو نے روپیش سنگھ قتل واقعہ کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی-جے ڈی یو حکومت جرائم پیشوں کی شاگرد ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’وزیر اعلیٰ رہائش سے ایک کلو میٹر دوری پر پولس ہیڈکوارٹر اور سکریٹریٹ کے بغل میں انڈیگو ائیرلائنس کے افسر روپیش سنگھ کے قتل سے صاف ہے کہ بی جے پی-جے ڈی یو کی حکومت جرائم پیشوں کی شاگرد ہے۔ اسے ایک منٹ اقتدار میں نہیں رہنا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ اس قتل واقعہ کی سی بی آئی جانچ کا فوری حکم دیں۔
روپیش سنگھ قتل واقعہ کے بعد تنقید کا نشانہ بن رہی بہار حکومت اب اپنی دفاع کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ جنتا دل یو کے ترجمان سنجے سنگھ نے کہا کہ روپیش سنگھ کی موت افسوسناک ہے۔ پٹنہ پولس جرائم پیشوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور بہت جلد اس میں کامیابی ملے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’جرائم پیشہ کوئی بھی ہو، اسے جلد گرفتار کیا جائے گا۔‘‘
واضح رہے کہ پٹنہ کے شاستری نگر تھانہ حلقہ میں انڈیگو ائیر لائنس کمپنی کے اسٹیشن منیجر روپیش کمار سنگھ کا منگل کی شب جرائم پیشوں نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولس نے قاتل کو گرفتار کرنے کے لیے جانچ ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ اس قتل واقعہ کو لے کر پولس کے ہاتھ ابھی تک کوئی سراغ نہیں لگا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔