الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ٹیم دو روزہ دورہ پر کشمیر پہنچی

آج الیکشن کمیٹی کی ٹیم سری نگر پہنچی جہاں وہ مقامی ہوٹل میں مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈران کے ساتھ میٹنگ کرے گی اور لوک سبھا و اسمبلی انتخابات منعقد کرنے کے لیے ان کا نظریہ جاننے کی کوشش کرے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جموں وکشمیر میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات منعقد کرنے کے لئے زمینی سطح کے حالات کا جائزہ لینے کی غرض سے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ایک ٹیم چیف الیکشن کمشنر سنیل ارورا کی سربراہی میں اپنے دوروزہ دورہ پر پیر کے روز سری نگر پہنچی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی یہ ٹیم پیر کے روز یہاں ایک مقامی ہوٹل میں مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں سے ملاقات کر کے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات منعقد کرنے کے لئے فیڈ بیک حاصل کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں الیکشن کمیشن کی ٹیم صوبہ کشمیر اور صوبہ لداخ کے صوبائی کمشنروں اور انسپکٹر جنرل آف پولس سے بھی مفصل جانکاری حاصل کرے گی اور یہ ٹیم جموں روانہ ہونے سے قبل سینئر سیول، پولس اور پیرا ملٹری آفیسروں کے ساتھ بھی ملاقات کرے گی۔ادھر جملہ مین اسٹریم مقامی و قومی سیاسی جماعتوں نے اسمبلی ولوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کےلئے پہلے ہی اعلانات کرچکے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ ریاست کی دو بڑی مقامی سیاسی جماعتوں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے گذشتہ سال ہوئے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔ دونوں جماعتوں کا مطالبہ تھا کہ مرکزی حکومت دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کی حفاظت کی یقین دہانی کریں۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ریاست میں انتخابات منعقد کرانے کو وزیر اعظم نریندر مودی کے لئے سخت امتحان کی گھڑی قرار دیتے ہیں۔ سال گذشتہ کے ماہ جون میں پی ڈی پی اور بی جے پی کی مخلوط حکومت پاش پاش ہونے کے بعد ریاست میں گورنر راج نافذ ہوا تھا جو چھ ماہ کے بعد ختم ہوا اور فی الاوقت ریاست میں صدر راج نافذ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔