ٹی ڈی پی کی این ڈی اے کو طلاق، مودی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش

تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) نے این ڈی اے سے الگ ہونے کے اعلان کے ساتھ ہی مودی حکومت سے حمایت واپس لے لی ہے۔ ساتھ ہی ٹی ڈی پی نے مودی حکومت کے خلاف خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

آئندہ سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے ٹھیک پہلے بی جے پی کو زبردست دھچکا دیتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو کی پارٹی ٹی ڈی پی نے این ڈی اے سے الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ نہیں دیے جانے سے ناراض ٹی ڈی پی کے دو وزیر اشوک گج پتی راجو اور وائی ایس چودھری گزشتہ ہفتہ ہی استعفیٰ دے چکے ہیں۔ اس وقت ٹی ڈی پی نے این ڈی اے میں ہی بنے رہنے کی بات کہی تھی۔ ادھر وائی ایس آر کانگریس کے بعد ٹی ڈی پی نے بھی مرکز کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کر دی ہے۔ اب اس تحریک کو سی پی ایم، کانگریس، سی پی آئی، ٹی ایم سی، ایس پی اور کئی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔ مودی حکومت کے خلاف یہ پہلی عدم اعتماد کی تحریک ہے اور اس کے اوقات اس لئے اہم ہیں کیونکہ حال ہی میں ٹی ڈی پی نے جہاں این ڈی اے سے اپنے رشتہ ختم کئے ہیں وہیں بی جےپی ضمنی انتخابات میں تین پارلیمنٹ کی سیٹیں ہار گئی ہے۔

آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو نے ٹی ڈی پی لیڈروں سے ٹیلی کانفرنسنگ کے بعد این ڈی اے سے حمایت واپسی کا اعلان کیا ہے۔

این ڈی اے سے الگ ہونے کے بعد دہلی میں پریس کانفرنس کر کے ٹی ڈی پی لیڈر سی ایم رمیش، تھوٹا نرسمہن، رویندر بابو اور دیگر نے کہا کہ بی جے پی کا ایک نیا فل فارم وضع کیا ہے اس کا مطلب ’بریک جنتا پرومس‘ ہے۔

مرکزی حکومت سے حمایت واپسی کے بعد تیلگو دیشم پارٹی نے نریندر مودی حکومت کے خلاف جمعہ کو عدم اعتماد کی تحریک پیش کردی ہے۔

دوسری طرف آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ نہ دینے سے ناراض وائی ایس آر کانگریس نے بھی مودی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تجویز سے متعلق نوٹس دیا ہے۔ وائی ایس آر کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ وائی وی سباریڈی نے لوک سبھا سکریٹریٹ کو جمعہ کی کارگزاری کے دوران عدم اعتماد تجویز کو شامل کرنے کا نوٹس دیا تھا۔ اس سے قبل جنوری میں این ڈی اے اور بی جے پی کی پرانی معاون شیو سینا نے 2019 کا لوک سبھا انتخاب علیحدہ لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت شیو سینا ممبر پارلیمنٹ سنجے راﺅت نے کہا تھا کہ 2019 میں ہونے والے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں شیو سینا این ڈی اے کے ساتھ نہیں بلکہ تنہا انتخاب لڑے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Mar 2018, 11:11 AM