تمل ناڈو کے گورنر نے وزیر وی سینتھل بالاجی کو کیا برخاست، برہم وزیر اعلیٰ اسٹالن نے کہا- ’ہم قانونی جنگ لڑیں گے‘
تمل ناڈو کے راج بھون نے بیان جاری کر کے کہا ہے کہ وی سینتھل بالاجی کئی سنگین فوجداری معاملوں میں کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں
چنئی: تمل ناڈو کے گورنر آر این روی نے جیل میں قید وزیر وی سینتھل بالاجی کو جمعرات (29 جون) کو وزارتی کونسل سے برخاست کر دیا گیا۔ تمل ناڈو کے راج بھون نے بیان جاری کر کے کہا ہے کہ وی سینتھل بالاجی کئی ملازمتوں کے عوض رشوت لینے اور بدعنوانی کے کئی سنگین معاملوں میں کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں۔
اس معاملہ پر تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے کہا کہ گورنر کے پاس کسی وزیر کو کابینہ سے برخاست کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے، ہم اس معاملہ کا قانونی طور پر سامنا کریں گے۔ وہیں راج بھون کے بیان میں کہا گیا کہ تھیرو وی سینتھل بالاجی ایک وزیر کے طور اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے تفتیش کو متاثر کر رہے ہیں۔ ان کے خلاف انسداد بدعنوانی قانون اور تعزیرات ہند کے تحت کچھ دیگر فوجداری معاملوں کی تفتیش پولیس کی جانب سے کی جا رہی ہے۔
راج بھون کی جانب سے کہا گیا کہ اس بات کا خدشہ ہے کہ تھرو وی سینتھل بالاجی کا وزراء کی کونسل میں جاری رہنا منصفانہ تحقیقات سمیت قانون کے مناسب عمل کو بری طرح متاثر کرے گا، جس سے ریاست میں آئینی مشینری ٹوٹ سکتی ہے۔ ان حالات میں گورنر نے تھیرو وی سینتھل بالاجی کو فوری اثر کے ساتھ وزراء کی کونسل سے برطرف کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے 14 جون کو منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) کے تحت سینتھل بالاجی کو گرفتار کیا تھا۔ بعد ازاں تفتیش کے دوران بے چینی اور سینے میں درد کی شکایت کے بعد انہیں سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ عدالت نے انہیں 14 دن کے لیے عدالتی تحویل میں بھیجنے کا حکم دیا تھا۔
اس کے بعد سینتھل بالاجی کو کاویری اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کی بائی پاس سرجری ہوئی۔ چنئی کی ایک عدالت نے بدھ کو سینتھل بالاجی کی عدالتی تحویل میں 12 جولائی تک توسیع کر دی۔ وزیر اسپتال سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔