توتیکورن: اسٹرلائٹ پلانٹ میں تیزاب کے اخراج سے افرا تفری

توتیکورن ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پلانٹ میں اخراج کی اطلاع موصول ہونے کے بعد احتیاط کے ساتھ ایسڈ ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ پرتشدد مظاہروں کے سبب اس پلانٹ کو گزشتہ مہینے بند کر دیا گیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

تمل ناڈو کے توتیکورن میں اسٹرلائٹ کاپر کمپنی میں سلفیورک ایسڈ (گندھک تیزاب) کے اخراج کی اطلاع ملنے کے ساتھ ہی سنسنی پھیل گئی۔ اطلاعات کے مطابق سیل ہو چکے پلانٹ میں بنے ایک اسٹوریج ٹینک سے تیزاب کا اخراج ہوا، جس کے بعد مقامی انتظامیہ نے اسے صاف کرانے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔

ایسڈ لیک کی تصدیق کرتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ سندیپ نمبودری نے کہا، ’’اسٹرلائٹ کاپر پلانٹ میں سلفیورک ایسڈ لیک ہونے کی اطلاع ملی۔ اس پلانٹ میں جو ایسڈ لیک ہوا اسے یہاں نصب ایک اسٹوریج میں رکھا گیا تھا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس تیزاب کو احتیاط کے ساتھ یہاں سے ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ تمام حفاظتی انتظامات کو دھیان میں رکھتے ہوئے اپنی کارروائی کو انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صورت حال قابو میں ہے اور کسی کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

اس سے پہلے تمل ناڈو حکومت نے اسٹرلائٹ پلانٹ کو فوری طور پر ہمیشہ کے لئے بند کرنے کا فیصلہ لیا تھا۔ مقامی لوگ اسٹر لائٹ کمپنی کو بند کرنے کے لئے کافی دنوں سے احتتاج کر رہے تھے۔

مظاہرین اور ماحولیات کے ماہرین کا کہنا تھا کہ اس پلانٹ کی وجہ سے پانی اور ہوا دونوں آلودہ ہو رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں لوگوں کا مظاہرہ پرتشدد جھڑپوں میں تبدیل ہو گیا تھا۔ اس دوران پولس نے فائرنگ کر دی جس میں 13 افراد ہلاک اور کئی افراد زخمی ہو گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔