امن بحالی کے لئے مذاکرات جاری رکھنا ضروری، چینی ہم منصب سے ملاقات کے دوران راج ناتھ کا بیان

وزیر دفاع کے دفتر نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’’وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ایل اے سی پر جلد سے جلد امن اور تناؤ کی بحالی کے لئے دونوں فریقین کو سیاسی اور فوجی ذرائع سے بات چیت جاری رکھنی چاہیے۔"

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ہند - چین کے درمیان جاری سرحدی تنازعہ کے حوالہ سے روس میں جمعہ کے روز دونوں ممالک کے وزرائے دفاع کی ملاقات سے متعلق چین کے سخت بیان کے بعد اب ہندوستان کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے دفتر کی طرف سے بیان جاری کیا گیا ہے۔

وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے چین کے وزیر دفاع کو بتایا کہ امن بحالی کے لئے جلد از جلد بات چیت جاری رکھنی چاہیے۔ وزیر دفاع کے دفتر نے ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’’وزیر دفاع نے کہا کہ ایل اے سی پر جلد سے جلد امن اور تناؤ کی بحالی کے لئے دونوں فریقین کو سیاسی اور فوجی ذرائع سے بات چیت جاری رکھنی چاہیے۔"


وزیر دفاع کے دفتر نے اہنے بیان میں کہا کہ "وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے گزشتہ چند مہینوں میں وادی گلوان سمیت حقیقی کنٹرول لائن (ایل اے سی) کے ساتھ ہونے والی پیشرفتوں پر ہندوستان کے مؤقف کو واضح طور پر ظاہر کر دیا ہے۔‘‘

وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ بڑی تعداد میں فوجیوں کو متحرک کرنا، جارحانہ رویہ اور جمود کو تبدیل کرنے کی یکطرفہ کوششیں کرنا، جیسی چینی فوج کی کارروائی دو طرفہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ اجلاس کے دوران وزیر دفاع نے واضح طور پر کہا کہ ہندوستانی فوج ہمیشہ ہی سے بارڈر مینجمنٹ کے تئیں ذمہ دار رہی ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ ہندوستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے ہمارے عزم پر بھی کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔