فوٹو جرنلسٹ دانش صدیقی کی موت پر طالبان کا اظہارِ افسوس! قتل کے الزامات کی تردید

روئٹرز کے صحافی دانش صدیقی پاکستان سرحد کے قریب افغان سکیورٹی فورسز اور طالبان جنگجوؤں کے مابین ایک جھڑپ کو کور کرنے کے دوران جان بحق ہو گئے تھے، طالبان نے دانش کے قتل کے الزامات کی تردید کی ہے

دانش صدیقی کی فائل تصویر / سوشل میڈیا
دانش صدیقی کی فائل تصویر / سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: افغانستان میں تیزی سے اپنے پیر جما رہے طالبان نے ان الزامات کی تردید کی ہے کہ پولٹزر ایوارڈ یافتہ صحافی دانش صدیقی کو انہوں نے قتل کیا ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دانش کی موت کے علاوہ اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ صحافی انہیں اطلاع کئے بغیر جنگ زدہ علاوہ میں داخل ہو رہے ہیں۔ ذبیح اللہ مجاہد نے سی این این - نیوز18 سے خصوصی گفتگو کے دوران یہ بیان دیا۔

رپورٹ کے مطابق ذبیح اللہ مجاہد نے کہا، ’’ہمیں اس بات کا علم نہیں ہے کہ کون سی جھڑپ کے دوران صحافی کی موت ہوئی۔ ہم نہیں جانتے کہ ان کی موت کیسے ہوئی۔ کوئی بھی صحافی اگر جنگ زدہ علاقہ میں داخل ہوتا ہے تو اسے ہمیں اس کی اطلاع دینی چاہیئے۔ ہم مخصوص افراد کا پورا خیال رکھیں گے۔ ہندوستانی صحافی دانش صدیقی کی موت پر ہمیں افسوس ہے۔ ہمیں افسوس ہے کہ صحافی بغیر کسی اطلاع کے جنگ زدہ علاقے میں داخل ہو رہے ہیں۔‘‘


گزشتہ روز شائع ہونے والی خبروں میں افغان کمانڈر کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ دانش صدیقی جمعہ کے روز پاکستان سے ملحقہ ایک سرحد کے قریب افغان سکیورٹی فورسز اور طالبان جنگجوؤں کے مابین ہونے والای جھڑپ کو کور کرنے کے دوران جان بحق ہو گئے تھے اور ان کی عمر 38 سال تھی۔

افغان کمانڈر نے روئٹرز کو بتایا کہ دانش صدیقی اور ایک سینئر افغان افسر طالبان کی جانب سے ہونے والی فائرنگ کے دوران اس وقت ہلاک ہوئے جب افغان اسپیشل فورس سپین بولدک کے مرکزی بازار کے علاقے پر دوبارہ قبضہ کرنے کے لئے لڑ رہی تھی۔

روئٹرز کے صدر مائیکل فریڈن برگ اور ایڈیٹر ان چیف الیساندرا گیلونی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا، "خطے میں حکام کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے اور معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ دانش ایک مایہ ناز صحافی، بہترین شوہر، والد اور ایک بہت پسند کئے جانے والے ساتھی تھے۔ اس مشکل وقت میں ہم ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔"


ادھر، نیوز ایجنسی پی ٹی آئی نے خبر دی ہے کہ طالبان نے دانش صدیقی کے جسد خاکی کو ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی (آئی سی آر سی) کے حوالے کر دیا ہے۔ حکومت ہند کو طالبان کے ذریعے جسد خاکی آئی سی آر سی کے حوالے کئے جانے کی اطلاع موصول ہو چکی ہے اور ہندوستانی حکام اسے واپس لانے کے لئے کارروائی کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Jul 2021, 9:18 AM