مودی حکومت میں اڈانی کی ’اجارہ داری‘ بچانے والا سنڈیکیٹ سرگرم، نئی ویڈیو کے ذریعے راہل گاندھی کا حملہ
ایکس پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے لکھا کہ مودی حکومت میں مونوپولی بچاؤ سنڈیکیٹ یعنی گروہ چلایا جا رہا ہے اور اڈانی جس شعبہ میں بھی چاہیں اجارہ داری حاصل کر لیتے ہیں
نئی دہلی: کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے معروف صنعت کار گوتم اڈانی کو حکومت کی جانب سے دی جا رہی اجارہ داریوں پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے منگل کو ایک ویڈیو جاری کی۔ ایکس پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے لکھا کہ مودی حکومت میں مونوپولی بچاؤ سنڈیکیٹ یعنی گروہ چلایا جا رہا ہے اور اڈانی جس شعبہ میں بھی چاہیں اجارہ داری حاصل کر لیتے ہیں۔
راہل گاندھی نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا، ’’مونوپولی بچاؤ سنڈیکیٹ! ایئرپورٹس میں مونوپولی، پورٹس میں مونوپولی، سیمنٹ میں مونوپولی، بجلی میں مونوپولی، دفاع میں بھی مونوپولی۔ اڈانی جو بھی سیکٹر چاہے، سنڈیکیٹ اسے مونوپولی یعنی اجارہ داری دلانے میں لگ جاتا ہے۔‘‘
خیال رہے کہ راہل گاندھی نے گزشتہ روز بھی ویڈیو جاری کر کے اڈانی پر کارروائی نہ کرنے کے سلسلہ میں سیبی اور اس کی سربراہ مادھبی پوری بچ پر حملہ بولا تھا۔ تازہ ویڈیو میں راہل گاندھی کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا کو سمجھاتے ہیں کہ کس طرح ’اڈانی ڈفینس‘ کی ویب سائٹ پر اسرائیل کے ہتھیار نام بدل کر فروخت کیا جا رہا ہے۔
راہل گاندھی نے اڈانی ڈفینس کی ویب سائٹ پر ظاہر کیے گئے ایک چھوٹے ہتھیار ’ابھے‘ کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت میں یہ اسرائیل کا ہتھیار ہے جس کا نام ’ٹاوور‘ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح اسرائیل کے ہتھیار خرید کر ان کے نام بدل دئے جاتے ہیں اور اس کے دم پر اڈانی ہتھیار فروخت کرنے والے نمبر شخص ون بن گئے۔‘‘
راہل گاندھی نے مودی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ اڈانی کو اجارہ داری دینے کے لیے مکمل نظام کو بائی پاس کیا جا رہا ہے۔ اتنا سب کچھ سننے کے بعد پون کھیڑا حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں ’’میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ ایسا بھی کچھ ہو سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس دو چیزوں سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے ایک تو قومی سلامتی اور دوسرا نوجوانوں کا مستقبل۔
دریں اثنا، انہوں نے مادھبی پوری بچ اور سیبی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’’آپ اور ہم اگر ایک چھوٹی سی غلطی بھی کر دیتے ہیں تو ہمیں انکم ٹیکس نوٹس اور چالان آ جاتا ہے۔ مگر مادھبی پوری بچ رنگے ہاتھوں پکڑی گئی ہیں لیکن ان پر کوئی کارروائی نہیں ہو رہی، ظاہر ہے کہ انہیں کوئی بڑا آدمی بچا رہا ہے۔ وہ بڑا آدمی کون ہے، سب کے سامنے ہیں، سب کو معلوم ہے۔‘‘
گزشتہ روز جاری کی گئی ویڈیو میں بھی راہل گاندھی نے مادھبی پوری پر حملہ کیا تھا۔ راہل گاندھی سوال اٹھاتے ہیں کہ حکومت مادھبی بُچ کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ ایجنسیاں اور میڈیا خاموش ہیں، جبکہ کانگریس ان مسائل کو اٹھا رہی ہے۔ گاندھی نے دعویٰ کیا کہ بُچ اڈانی کے مفادات کی حفاظت کر رہی ہیں اور ان کے کاموں کی جانچ ہونی چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔