نومنتخب نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ کی حلف برداری آج، صدر دروپدی مرمو دلائیں گی عہدہ اور رازداری کا حلف
مغربی بنگال کے سابق گورنر جگدیپ دھنکھڑ آج ہندوستان کے 14ویں نائب صدر کے طور پر حلف لیں گے۔ صدر دروپدی مرمو نو منتخب نائب صدر کو عہدے اور رازداری کا حلف دلائیں گی
نئی دہلی: مغربی بنگال کے سابق گورنر جگدیپ دھنکھڑ آج ہندوستان کے 14ویں نائب صدر کے طور پر حلف لینے جا رہے ہیں۔ صدر دروپدی مرمو نو منتخب نائب صدر کو عہدے اور رازداری کا حلف دلائیں گی۔ رپورٹ کے مطابق، جگدیپ دھنکھڑ کی تقریب حلف برداری میں صدارتی محل کے اصولوں کے مطابق کورونا پروٹوکول پر عمل کیا جائے گا۔
جگدیپ دھنکھڑ نے این ڈی اے کے امیدوار کے طور پر نائب صدر کا انتخاب لڑا اور اپنی حریف اور حزب اختلاف کی مشترکہ امیدوار مارگریٹ الوا کو شکست دی۔ نائب صدر کے انتخاب میں کل 725 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 710 ووٹ درست جبکہ 15 کو کالعدم قرار دیا گیا۔ جگدیپ دھنکھڑ کو اس میں سے 528 ووٹ حاصل ہوئے، جبکہ مارگریٹ الوا کو 182 ووٹ حاصل ہو سکے۔
جگدیپ دھنکھڑ بنیادی طور پر میں جھنجھنو، راجستھان کے ایک کسان خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے والد کا نام گوکُل چندر دھنکھڑ تھا۔ دھنکھڑ نے 1989 میں فعال سیاست میں قدم رکھا اور انہیں سیاست میں تقریباً 30 سال کا تجربہ ہے۔ دھنکھڑ پیشے سے وکیل بھی ہیں۔ قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے قانون کی پریکٹس شروع کی اور 1990 میں وہ راجستھان ہائی کورٹ میں سینئر وکیل بن گئے۔ انہوں نے ہائی کورٹ سے لے کر ملک کی سپریم کورٹ تک قانون کی پریکٹس کی۔ دھنکھڑ ملک کا شمار ملک کے معروف وکلا میں ہوتا ہے۔
دھنکھڑ پہلی بار جنتا دل کے ٹکٹ پر جھنجھنو سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے اور 1990 میں چندر شیکھر حکومت کے دوران مرکزی وزیر کے عہدے پر فائز ہوئے۔ دھنکھڑ 1993 سے 1998 تک رکن اسمبلی بھی رہ چکے ہیں۔ حکومت ہند نے انہیں 20 جولائی 2019 کو مغربی بنگال کا گورنر مقرر کیا تھا۔ نائب صدر کے انتخاب کے لیے این ڈی اے کا امیدوار قرار دیے جانے کے بعد انہوں نے گورنر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔