وکاس دوبے انکاؤنٹر:مخبری کے الزام میں گرفتار ایس آئی کو جان کا خطرہ، سپریم کورٹ پہنچے

شرما نے اپنے خلاف دائر ایف آئی آر کی غیر جانبدارانہ ، آزادانہ اور قانون کے دائرہ میں جانچ کاذمہ کسی آزاد ایجنسی کے حوالے کئے جانے یا سی بی آئی سے کرانے کی درخواست کی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کانپور کے بِکرو گاوں میں مجرم وکاس دوبے کے گھر پر پولیس کارروائی کی مخبری کرنے کے الزام میں اتر پردیش کے اسپیشل ٹاسک فورس(ایس ٹی ایف)کے ذریعہ گرفتار کئے گئے معطل سب انسپکٹر کے کے شرما نے اپنی اور بیوی کی جان کی حفاظت کے لئے سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔

معطل انسپکٹر کے کے شرما نے اتوار کو عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کر کے خود کی اور اپنی اہلیہ ونیتا سروہی کی جان کو خطرہ بتایا ہے۔


درخوست گزار نے کہا ہے کہ وکاس دوبےاور اس کے ساتھیوں کی انکاونٹر میں ہوئی موت کے واقعہ کے بعد اسے خود کی اور بیوی کی جان کو خطرہ لگنے لگا ہے،اس لئے ان کی جان کی حفاظت کی جائے۔

شرما نے اپنے خلاف دائر ایف آئی آر کی غیر جانبدارانہ ، آزادانہ اور قانون کے دائرہ میں جانچ کاذمہ کسی آزاد ایجنسی کے حوالے کئے جانے یا سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) سے کرانے کی ہدایت دینے کی عدالت سے درخواست کی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ وکاس دوبے کے گھر دو-تین جولائی کی درمیانی شب کو پولیس کارروائی کی جانکاری پہلے ہی فون سے دی گئی تھی،جس کے بعد دوبے اور اس کے ساتھیوں نے پوری تیاری کے ساتھ پولیس ٹیم پر دھاوا بولا تھا جس میں 8پولیس اہلکار کی موت ہوگئی تھی۔

مخبری کے الزام میں چوبے پور پولیس اسٹیشن کے انچارج ونے تیواری اور سب انسپکٹر کے کے شرما کو معطل کرنے کے بعد ایس ٹی ایف نے گرفتار کرلیا ہے

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔