سوراج کوشل نے اپنی بیوی کو سلامی دے کر پرنم آنکھوں سے الوداع کہا

کوشل سپریم کورٹ کے وکیل ہیں۔ 1990 سے 1993 تک میزورم کے گورنر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی بیٹی بانسری بھی ایک وکیل ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

07 Aug 2019, 10:11 PM

بنگلہ دیشی لیڈروں نے سشماسوراج کو خراج عقیدت پیش کیا

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے کئی لیڈروں نے ہندوستان کے سابق وزیرخارجہ سشما سوراج کے انتقال پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ محترمہ سوراج کا منگل کی رات دل کا دورہ پڑھنے سے انتقال ہوگیا۔

بنگلہ دیشی پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے ڈپٹی لیڈر اور جاتیو پارٹی کے صدر غلام محمد قادر، جے ایس ڈی کے سربراہ حسن لحق انو، آئی بی ایف بی کے صدر ہمایوں رشید نے سابق وزیر خارجہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر محترمہ سوراج کے اچانک انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

قادر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ’’ہندوستان کے سابق وزیر خارجہ سوراج کے اچانک انتقال کی خبر سن کر انہیں گہرا دھکا لگا۔ ہماری غم زدہ خاندان کے اراکین کے تئیں دلی تعزیت ہے۔اللہ انہیں اس دکھ کی گھری میں برداشت کی قوت دے۔

07 Aug 2019, 8:10 PM

سوراج کوشل نے بیوی کو سلامی دے کر پرنم آنکھوں سے الوداع کہا

نئی دہلی: سابق وزیر خارجہ سشما سوراج کے شوہر سوراج کوشل اور ان کی بیٹی بانسری نے ، دہلی پولیس کے ہمراہ آنجہانی رہنما کو بدھ کے روز سلامی دی اور انہیں پرنم آنکھوں سے الوداع کہا۔ اپنی اہلیہ کے انتقال سے بے حد رنجیدہ ، راجیہ سبھا کے سابق ممبر پارلیمنٹ اور میزورم کے سابق گورنر کوشل اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور رو پڑے۔

سابق وزیر خارجہ نے شوہر کے نام کواپنے نام کے ساتھ لگایا ۔ محترمہ سوراج اور کوشل کی شادی اپنے وقت میں کافی سرخیوں میں تھی ۔ سیاسی زندگی کے علاوہ ، محترمہ سوراج کی ذاتی زندگی بھی بہت دلچسپ تھی۔ ہریانہ سے تعلق رکھنے والی محترمہ سوراج نے 1975 میں کی ایمرجنسی کے دوران محبت کی شادی کی تھی۔ ان کے والد ہردیو شرما راشٹریہ سویم سیوک سنگھ سے وابستہ تھے اور وہ اس شادی کے خلاف تھے۔ محترمہ سوراج نے اپنے اہل خانہ کو شادی کے لئے منالیا تھا ۔

کوشل سپریم کورٹ کے وکیل ہیں۔ 1990 سے 1993 تک میزورم کے گورنر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی بیٹی بانسری بھی ایک وکیل ہے۔

سابق وزیر خارجہ نے گذشتہ سال فعال سیاست سے دوری کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2019 کاانتخاب نہیں لڑیں گی۔ وہ آخری بار وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں عوام کے سامنے دیکھی گئیں۔ تاہم ، وہ ٹوئٹر پر سرگرم عمل رہتی ہیں۔ کاروا چوتھ ہو یا نئے گھر میں شوہر کے ساتھ چائے پی رہی ہو ، وہ اپنے شوہر کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر لگاتی تھیں۔

سوراج کا منگل کی رات یہاں دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے انتقال ہوگیا۔ دہلی حکومت نے دو دن ریاستی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

07 Aug 2019, 7:10 PM

سشما میں وزیر اعظم بننے کی صلاحیت تھی: شتروگھن

نئی دہلی: فلمی اداکار اور سابق مرکزی وزیر شتروگھن سنہا نے کہا ہے کہ سابق وزیر خارجہ سشما سوراج انتہائی اونچی قد کی رہنما تھیں اور واقعی وہ وزیر اعظم بننے کے اہل تھیں۔

لوک سبھا انتخابات سے عین قبل بھارتیہ جنتا پارٹی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہونے والے سنہا نے ایک نیوز چینل کو بتایا ، “ان میں وزیر اعظم بننے کی صلاحیت تھی۔ بالاحصاب ٹھاکرے جیسے قائد انہیں وزیر اعظم کے عہدے پر دیکھنا چاہتے تھے لیکن …… وہ نہیں بنے ، یہ الگ بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ سوراج نے جو مقام حاصل کیا تھا ، ان کی موت کی وجہ سے وہ جگہ خالی ہوگئی ہے اور اس کو پُر کرنا اب بہت مشکل ہے۔


07 Aug 2019, 5:06 PM

سرکاری اعزاز کے ساتھ سشما سوراج کو کیا گیا سپرد آتش

سابق مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج کو لودھی کریمیٹوریم میں موجود سبھی لوگوں نے نم آنکھوں کے ساتھ الوداع کہہ دیا۔ انھیں سرکاری اعزاز کے ساتھ اہل خانہ کی موجودگی میں سپرد آتش کیا گیا۔ اس موقع پر پی ایم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، راج ناتھ سنگھ، ایل کے اڈوانی سمیت پارٹی کے متعدد چھوٹے بڑے لیڈران موجود تھے۔

07 Aug 2019, 4:07 PM

سشما سوراج کی بیٹی بانسری نے آخری رسوم ادا کی

سابق مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج کے انتقال کے بعد ایک طرف ملک و بیرون ملک کی معروف ہستیوں کے ذریعہ خراج عقیدت پیش کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے، اور دوسری طرف سشما سوراج کا جسد خاکی کچھ ہی دیر میں اپنے آخری سفر پر روانہ ہوگا۔ سشما سوراج کی بیٹی بانسر نے آخر رسوم کی ادائیگی کر دی ہے اور اس وقت وہاں موجود سبھی لوگوں کی آنکھیں نم ہیں۔


07 Aug 2019, 2:59 PM

سشما جی کو ہم لوگ ’دیدی‘ کہہ کر پکارتے تھے، اب وہ ہمارے درمیان نہیں: جیہ پردا

اپنے زمانے کی مشہور و معروف اداکارہ اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ جیہ پردا نے سشما سوراج کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم لوگ انھیں ’دیدی‘ کہہ کر پکارتے تھے اور آج وہ ہمارے درمیان نہیں۔ وہ ایک ماں، ایک بہن، ایک بہترین سیاستداں اور عظیم مقرر تھیں۔ انھوں نے ملک کے لیے بہت کچھ کیا، خصوصاً غریبوں کے لیے۔ ہم نے ایک عظیم اور ایماندار لیڈر کو کھو دیا۔‘‘

07 Aug 2019, 2:10 PM

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں کیا سشما سوراج کا آخری دیدار

سشما سوراج کا جسد خاکی اس وقت بی جے پی ہیڈکوارٹر میں رکھا گیا ہے اور سیاسی ہستیاں یہاں ان کا آخری دیدار کرنے کے لیے پہنچ رہی ہیں۔ اس درمیان اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی سشما سوراج کا آخری دیدار کیا اور ان کے جسد خاکی پر عقیدت کے پھول چڑھائے۔


07 Aug 2019, 12:58 PM

سشما سوراج کا جسد خاکی بی جے پی ہیڈکوارٹر کے لیے روانہ

دوپہر بعد سشما سوراج کے آخری رسومات کی ادائیگی شروع ہو جائے گی اور اس سے قبل ان کا جسد خاکی بی جے پی ہیڈکوارٹر میں رکھا جائے گا تاکہ لوگ ان کا آخری دیدار کر سکیں۔ پارٹی ہیڈکوارٹر کے لیے سشما سوراج کا جسد خاکی ان کی رہائش گاہ سے نکل چکا ہے۔

07 Aug 2019, 11:50 AM

راجیہ سبھا چیئرمین اور اراکین نے سشما سوراج کو پیش کی خراج عقیدت

آج ایوانِ بالا راجیہ سبھا میں چیئرمین ایم ونکیا نائیڈو اور ایوان کے اراکین نے سشما سوراج کے انتقال پر افسوس ظاہر کیا اور انھیں خراج عقیدت پیش کی۔ ایم ونکیا نائیڈو نے اس موقع پر کہا کہ ’’ان کی بے وقت موت ملک کے لیے ایک بڑا خسارہ ہے۔ وہ ایک بااثر پارلیمنٹرین اور عوام کی حقیقی آواز تھیں۔‘‘


07 Aug 2019, 11:30 AM

اڈوانی اور پرتبھا سشما کی بیٹی سے مل کر ہوئے جذباتی

سابق نائب وزیر اعظم ایل کے اڈوانی اور ان کی بیٹی پرتبھا اڈوانی جب سشما سوراج کا آخری دیدار کرنے پہنچے تو دونوں ہی بہت غمزدہ نظر آئے۔ سشما سوراج کی بیٹی سے جب پرتبھا اڈوانی ملیں تو دونوں گلے لگ کر کافی روئیں اور ایک دوسرے کو دلاسہ دیتی ہوئی نظر آئیں۔ ایل کے اڈوانی بھی سشما سوراج کا آخری دیدار کر کے سشما کی بیٹی بانسری سے کے پاس گئے اور انتہائی جذباتی انداز میں اسے صبر کی تلقین کی۔

07 Aug 2019, 11:01 AM

یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی نے سشما کی بیٹی کو لگایا گلے، کی صبر کی تلقین

کانگریس کی سابق صدر اور یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی نے سشما سوراج کے گھر پہنچ کر ان کے جسد خاکی پر خراج عقیدت پیش کی۔ بعد ازاں سونیا نے سشما سوراج کی بیٹی کو گلے لگا کر انھیں صبر کی تلقین کی۔

اس سے قبل سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے بھی سشما سوراج کی رہائش پر پہنچ کر ان کا آخری دیدار کیا اور ان کے جسد خاکی پر گلپوشی کی۔ سشما سوراج کے اہل خانہ سے ملاقات کر اس مشکل وقت میں انھیں ہمت اور دلاسہ بھی دیا۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی سشما سوراج کا آخری دیدار کیا۔


07 Aug 2019, 10:13 AM

پی ایم مودی بھی خراج عقیدت پیش کرنے پہنچے سشما کے گھر

وزیر اعظم نریندر مودی بھی سشما سوراج کے انتقال پر اپنا اظہارِ غم پیش کرنے ان کے گھر پہنچے۔ انھوں نے سشما سوراج کا آخری دیدار کیا اور ان کے جسد خاکی پر گلپوشی کر انھیں اپنا خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ بعد ازاں پی ایم نریندر مودی نے سشما سوراج کے اہل خانہ سے ملاقات کر انھیں صبر و تحمل کی تلقین کی۔ میڈیا ذرائع سے موصول خبروں کے مطابق بہت جلد مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بھی سشما سوراج کو خراج عقیدت پیش کرنے پہنچنے والے ہیں۔

07 Aug 2019, 9:34 AM

رام ناتھ کووند، انل بیجل، ممتا بنرجی، ہیما مالنی، مایاوتی نے پیش کیا خراج عقیدت، رما دیوی ہوئیں جذباتی

سشما سوراج کے گھر ان کا آخری دیدار کرنے کے لیے سیاسی لیڈروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی، بی ایس پی سربراہ مایاوتی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، کیرالہ کے سابق وزیر اعلیٰ اومین چانڈی، ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ڈیریک او برائن وغیرہ نے سابق مرکزی وزیر خارجہ کے گھر پہنچ کر انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ رما دیوی تو انھیں یاد کر کے بالکل جذباتی ہو گئیں اور ان کی آنکھوں سے آنسو نکل گئے۔


07 Aug 2019, 9:10 AM

سشما کے انتقال پر اڈوانی کا اظہار غم، بتایا ناقابل تلافی نقصان

سابق مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج کے انتقال پر سابق نائب وزیر اعظم ایل کے اڈوانی نے اپنے رنج و غم کا اظہار ایک تحریری پیغام کے ذریعہ کیا ہے۔ اس پیغام میں انھوں نے لکھا ہے کہ سشما سوراج کا انتقال ملک کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اس خسارہ کو انھوں نے اپنے لیے بھی بہت بڑا نقصان بتایا اور کہا کہ ان کی غیر موجودگی کا احساس ہمیشہ انھیں ستائے گا۔ سشما سوراج کے روح کے سکون کے لیے ایل کے اڈوانی نے دعا کی اور کہا کہ بانسری و سشما کے سبھی اہل خانہ کے تئیں ان کی ہمدردی ہے۔

07 Aug 2019, 8:56 AM

بابا رام دیو نے سشما سوراج کی رہائش پر پہنچ کر ان کا آخری دیدار کیا

سشما سوراج کا جسد خاکی ان کی رہائش گاہ پر رکھا گیا ہے اور ان کا آخری دیدار کرنے کے لیے بڑے بڑے لیڈروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی درمیان یوگ گرو بابا رام دیو نے بھی ان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ان کے جسد خاکی پر عقیدت کے پھول چڑھائے اور ان کی روح کے سکون کے لیے دعاء کی۔


07 Aug 2019, 7:49 AM

سشما سوراج کی آخری رسومات شام 3 بجے لودھی روڈ شمشان گھاٹ میں

سابق وزیر خارجہ سشما سوراج کا کل دل کا دورہ پڑنے کے بعد انتقال ہو گیا ۔ ان کو35 9.پر ایمس لایا گیا۔ جب ان کو ایمس لایا گیا اس وقت ان کی حالت بہت نازک تھی۔ ایمس کے ڈاکٹروں نے ہر ممکن کوشش کی لیکن ان کو کامیابی نہیں ملی اور ان کا انتقال ہو گیا۔ ان کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی وزراء کی ایمس جانے کی قطار لگ گئی۔ آج ان کا جسد خاکی 12 بجے بی جے پی کے دفتر میں رکھا جائے گا تاکہ لوگ ان کو خراج عقیدت پیش کر سکیں اور شام3 بجے لودھی روڈ کے شمشان میں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ ان کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔