پاکستانی شہری اور فوج کو کوئی نقصان نہیں ہونا چاہئے، مودی حکومت نے ائیر فورس کو دی تھی ہدایت
فضائی حملوں پر سشما سوراج کے تازہ بیان نے ایک مرتبہ پھر مودی حکومت کی پاکستان پالیسی پر سوال کھڑے کر دئے ہیں ۔
وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاکستان میں جیش ٹھکانوں پر کئے گئے فضائی حملوں کے تعلق سے ایسا بیان دیا ہے جس نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے خلاف ہماری خارجہ پالیسی پر سوال کھڑے کر دئے ہیں ۔ سشما سواراج نے پارٹی کی خواتین کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کل کہا کہ ’’پلوامہ حملہ کے بعد جب ہم نے سرحد پار پاکستان میں فضائی حملے کئے تو ہم نے بین الاقوامی برادری کو یہ بتا دیا تھا کہ ہم نے جو قدم اٹھایا ہے وہ اپنے دفاع میں اٹھایا ہے ‘‘۔ سشما سواراج یہیں نہیں رکیں انہوں نے کہا کہ ’’ہم نے بین الاقوامی برادری کو یہ بتا دیا تھا کہ ہم نے (ہندوستان نے) فوج کو کہہ دیا تھا کہ فضائی حملہ کے دوران پاکستانی شہری اور فوج کو کوئی نقصان نہ پہنچے اور ہماری فوج نے ایسا ہی کیا کہ اس نے کسی پاکستانی شہری اور فوجی کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا ‘‘۔ سشما سواراج نے یہ کہہ کر پارٹی کی خواتین کارکنان سے درخواست کی کہ وہ بی جے پی کو سال 2014 والی اکثریت دلانے کے لئے کام کریں اور انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی اس لئے سب کچھ نہیں کر پائے کیونکہ وہ ایک مخلوط حکومت کی قیادت کر رہے تھے ۔
واضح رہے 26 فروری کو ہندوستانی ائیر فورس نے پاکستان کے بالاکوٹ میں واقع جیش کے ٹھکانو پر فضائی حملہ کئے تھے کیونکہ 14 فروری کو جیش نے ایک خود کش حملہ میں سی آر پی ایف کے 40 جوانوں کو شہید کر دیا تھا ۔ اب سشما سواراج کا یہ کہنا کہ مودی حکومت نے فوج کو یہ حکم دیا تھا کہ کسی پاکستانی شہری یا فوجی کو کوئی کھرونچ تک نہ آئے ۔ سشما سواراج کے اس بیان کے دو مطلب نکلتے ہیں ایک تو یہ کہ وہ جیش کے دہشت گردوں کو پاکستان کا شہری نہیں تسلیم کرتیں دوسرا یہ کہ ہندوستانی حکومت پاکستانی فوج کو ہندوستان میں ہونے والی کسی بھی دہشت گردانہ کارروائی کے لئے ذمہ دار نہیں مانتی۔ بین الاقوامی برادری کے لئے دیا گیا یہ بیان پاکستانی حکومت اور فوج کے لئے بہت راحت کا بیان ہے ۔
پاکستانی فوج کے ترجمان ڈاریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سشما سواج کے بیان پر ٹویٹ کیا ہے ’’زمینی تقاضوں کی وجہ سے آخر کار سچائی سامنے آئی ۔ امید ہے کہ اور بھی غلط الزامات جیسے سال 2016 کے فضائی حملہ ، پاکستانی فوج کے ذریعہ گرائے گئے دو ہندوستانی جہاز کی تردید کرنا اور ایف۔16 سے پردہ اٹھے گا ۔ دیر آئے درست آئے‘‘۔
سشما سوارج کے اس بیان نہ صرف پاکستان کو موقع دے دیا ہے ساتھ میں انتخابات کے دوران حز ب اختلاف کو بھی ایک بڑا ہتھیار دے دیا ہے ۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔