پرشانت بھوشن جیل جائیں گے یا دیں گے جرمانہ، سپریم کورٹ کا فیصلہ آج

آج ملک کی سب سے بڑی عدالت ایک ایسا فیصلہ سنائے گی جس کو ہندوستان کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور آنے والے سالوں میں اس کے حوالہ دیئے جائیں گے۔

تصویر بشکریہ نیشنل ہیرالڈ 
تصویر بشکریہ نیشنل ہیرالڈ
user

قومی آواز بیورو

سپریم کورٹ کے معروف وکیل پرشانت بھوشن کو اپنے ان دو ٹوئٹس کے لئے عدالت سے کیا سزا ملے گی جس کو عدالت نے عدالت کی توہین کے زمرے میں پایا ہے اس کا فیصلہ عدالت آج سنا دے گی۔

واضح رہے جسٹس ارون مشرا کی قیادت والی بنچ توہین عدالت کے لئے پرشانت بھوشن کے خلاف سزا کا فیصلہ سنائے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عدالت یا تو بھوشن کو چھ ماہ کے لئے جیل بھیج سکتی ہے یا دو ہزار روپے کا جرمانہ عائد کر سکتی ہے یا دونوں کر سکتی ہے۔


واضح رہے اس کیس کی سماعت کے دوران سینئر وکیل راجیو دھون نے عدالت سے کہا تھا کہ اس میں عدالتی قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہ بھوشن کو سزا دے کر ان کو شہید کا درجہ نہ دیں۔ عدالت نے سنوائی کے دوران معروف وکیل پرشانت بھوشن سے کہا تھا کہ وہ عدالت میں معافی نامہ داخل کر دیں لیکن پرشانت بھوشن نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

سپریم کورٹ نے اس معاملہ میں فیصلہ محفوظ رکھا تھا اور اس کو امید تھی کہ اس معاملہ میں کوئی حل نکل آئے گا لیکن پرشانت بھوشن کے صاف انکار کے بعد عدالت کے لئے سزا سنانا لازمی ہو گیا ہے۔ جسٹس ارون مشرا پرسوں یعنی 2 ستمبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔


ملک کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ نے 14 اگست کو پرشانت بھوشن کو ان کے دو ٹوئٹس کے لئے مجرم قرار دیا تھا اور سزا کا فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔ پرشانت بھوشن نے اپنے ٹوئٹس میں عدالت کی کارروائی پر سوال اٹھائے تھے، جس کو عدالت نے عدالت کی توہین کے زمرے میں پایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 31 Aug 2020, 8:40 AM