سوامی کو لگا جھٹکا، عدالت کا ’رام مندر‘ میں پوجا کی عرضی پر جلد سماعت سے انکار

بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی نے رام مندر میں پوجا کرنے کے اپنے بنیادی حق کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک عرضی داخل کی تھی جس کی جلد سماعت سے عدالت عظمیٰ نے انکار کر دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

بی جے پی کے شعلہ بیان لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی نے ایودھیا کے رام مندر میں پوجا کے حق کو نافذ کرنے کے لیے داخل اپنی ایک عرضی کو سماعت کے لیے فوری طور پر فہرست بند کرنے کی گزارش سپریم کورٹ سے کی تھی لیکن عدالت نے اس پر جلد سماعت سے انکار کر دیا ہے۔ عدالت نے سبرامنیم سوامی سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کا تذکرہ بعد میں کریں۔

دراصل ایودھیا معاملے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس دیپک مشرا، جسٹس اے ایم کھانولکر اور جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی بنچ نے منگل کے روز سبرامنیم کی رام مندر میں پوجا کرنے سے متعلق داخل عرضی کو الگ کر دیا۔ اس عرضی میں سوامی نے کہا تھا کہ ملکیت کے حق کو لے کر میرا مقدمہ نہیں ہے لیکن پوجا کرنے کا حق تو مجھے ہے۔ انھوں نے عرضی میں مزید کہا تھا کہ ہر ہندو کو اس کا حق ہے اور پوجا کا حق ملکیت کے حق سے بالا تر ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ 14 مارچ سے ایودھیا کے بابری مسجد- رام جنم بھومی اراضی تنازعہ معاملہ پر روزانہ سماعت کر رہی ہے۔ عدالت عظمیٰ واضح کر چکی تھی کہ وہ اس معاملے کو عقیدت کی طرح نہیں بلکہ زمینی تنازعہ کے طور پر دیکھے گی۔ عدالت کی بنچ الٰہ آباد ہائی کورٹ کے 2010 کے فیصلے کے خلاف داخل 13 عرضیوں پر سماعت کر رہی ہے۔ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں ایودھیا میں 2.77 ایکڑ کی اس متنازعہ زمین کو اس تنازعہ کے تینوں فریق سنی وقف بورڈ، نرموہی اکھاڑا اور بھگوان رام للا کے درمیان تقسیم کرنے کا حکم دیا تھا۔

بہر حال، عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد سبرامنیم سوامی کا کہنا ہے کہ ’بعد میں‘ لفظ بہت ہی وسیع معانی والا ہے اور وہ 15 دن بعد پھر سے اس عرضی کو عدالت کے سامنے رکھیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ عدالت عظمیٰ سوامی کی ایسی ہی عرضی کو پہلے بھی نامنظور کر چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔