آشیش مشرا کی ضمانت منسوخ کرنے کے مطالبے پر سپریم کورٹ کا یوپی حکومت کو نوٹس

لکھیم پور معاملہ میں آشیش مشرا کی ضمانت منسوخ کرنے کے مطالبے پر سپریم کورٹ نے اتر پردیش حکومت کو نوٹس جاری کیا

سپریم کورٹ کی تصویر، آئی اے این ایس
سپریم کورٹ کی تصویر، آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: لکھیم پور کھیری معاملے میں سپریم کورٹ نے اتر پردیش حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کے بیٹے اور اس معاملے کے اہم ملزم آشیش مشرا کی ضمانت منسوخ کرنے کے مطالبہ پر سماعت کی۔ عدالت نے اس کے ساتھ ہی 10 مارچ کو ایک گواہ پر حملے کی اطلاع پر کہا کہ ریاستی حکومت تمام گواہوں کو تحفظ فراہم کرے۔ ہولی کی چھٹی کے بعد معاملے کو سماعت کے لیے پیش کئے جانے کی ہدایات دی گئی۔

اس معاملہ میں وکیل پرشانت بھوشن درخواست گزار کی طرف سے پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت کو بتایا کہ آشیش مشرا کو ضمانت دینے کا ہائی کورٹ کا حکم جرم کی سنگینی کے پیش نظر غلط تھا۔ سماعت کے دوران وکیل پرشانت بھوشن نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ لکھیم پور کھیری کیس کے ایک گواہ پر حملہ کیا گیا ہے۔


واضح رہے اس معاملے میں چار کسانوں سمیت آٹھ لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ لکھیم پور کھیری تشدد میں مارے گئے کسانوں کے رشتہ داروں نے آشیش مشرا کو ضمانت دینے کے الہ آباد ہائی کورٹ کے 10 فروری کے حکم کو چیلنج کیا ہے اور اس سلسلے میں اسپیشل لیو پٹیشن دائر کی۔ ضمانت کے حکم میں ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ ممکن ہے کہ گاڑی کے ڈرائیور نے خود کو مظاہرین سے بچانے کے لیے رفتار بڑھانے کی کوشش کی ہو۔

واضح رہے کہ تکونیا ندھاسن اسمبلی حلقہ میں گزشتہ سال 3 اکتوبر کو زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج کے دوران ہوئے تشدد میں چار کسانوں سمیت آٹھ لوگوں کی جان گئی تھی۔ مرکزی وزیر اجے مشرا ٹینی کے بیٹے آشیش مشرا کو اس معاملے میں اہم ملزم کے طور پر گرفتار کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں اتر پردیش کی ایس آئی ٹی نے 5000 صفحات کی چارج شیٹ داخل کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔