سپریم کورٹ نے مودی حکومت کو غلطی سدھارنے کا موقع دیا: راہل گاندھی

عدالت عظمیٰ نے بدھ کے روز ایک سماعت کے دوران حکم دیا ہے کہ کورونا سے جن لوگوں کی موت ہوئی ہے ان کے اہل خانہ کو حکومت کی جانب سے معاوضہ دیا جائے گا۔

پی ایم نریندر مودی اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی فائل تصویر 
پی ایم نریندر مودی اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی فائل تصویر 
user

تنویر

مرکز کی مودی حکومت کو لگاتار اس کی غلط پالیسیوں کے سبب تنقید کا نشانہ بنانے والے کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے آج سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کو سامنے رکھتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے۔ اس ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’سپریم کورٹ نے مودی حکومت کو غلطی سدھارنے کا موقع دیا ہے۔ کم از کم اب حکومت کو معاوضہ کی صحیح رقم طے کر کے متاثرین کو راحت دینی چاہیے۔ یہ درست سمت میں ایک اہم قدم ہے۔‘‘ اس ٹوئٹ کے ساتھ ہی ایک ہندی نیوز پورٹل پر شائع سپریم کورٹ کی ہدایت سے متعلق خبر کے عنوان کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے جس کا اردو ترجمہ ہے ’کورونا سے موت پر اہل خانہ کو ملے گا معاوضہ، سپریم کورٹ کا حکم- رقم طے کرے حکومت، 6 ہفتے میں گائیڈ لائن بنائے‘۔

دراصل عدالت عظمیٰ نے بدھ کے روز ایک سماعت کے دوران حکم دیا ہے کہ کورونا سے جن لوگوں کی موت ہوئی ہے ان کے اہل خانہ کو حکومت کی جانب سے معاوضہ دیا جائے گا۔ اس کے لیے سپریم کورٹ نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ معاوضہ کی رقم طے کرے اور 6 ہفتے میں گائیڈ لائن بھی تیار کرے۔ اسی خبر کے تعلق سے راہل گاندھی کا رد عمل بذریعہ ٹوئٹ سامنے آیا ہے۔


اس سے قبل آج صبح راہل گاندھی نے لگاتار بڑھ رہی ڈیزل-پٹرول کی قیمتوں کو لے کر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اس سلسلے میں انھوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے طویل-پریشان کن لائنوں کی وجہ صرف کووڈ پابندی نہیں ہے۔ اصل وجہ جاننے کے لیے اپنے شہر میں پٹرول-ڈیزل کی قیمت دیکھیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔