مہاراشٹر: بی جے پی حکومت کو سپریم کورٹ نے دیا جھٹکا، درختوں کی کٹائی پر فوری پابندی

سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ درختوں کی کٹائی اگر غلط ہے تو غلط ہے، چاہے ایک فیصد ہی کیوں نہ ہو۔ عدالت نے اس دوران مہاراشٹر حکومت سے حلف نامہ طلب کرنے کے ساتھ ہی موجودہ حالت کی جانکاری مانگی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

آرے کالونی میں درختوں کی کٹائی سے متعلق سپریم کورٹ نے ایک بڑا فیصلہ سنایا ہے۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ فی الحال آرے میں کوئی درخت نہیں کاٹا جائے گا اور اس وقت جیسی حالت ہے، ویسی ہی بنی رہے گی۔ معاملے کی سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ وہ اس معاملے کو پہلے گہرائی سے دیکھے گا اور پھر کچھ تبصرہ کرے گا۔ عدالت نے ریاستی حکومت سے پوچھا کہ بتائیں کہ آپ نے اب تک کتنے درخت کاٹے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے معاملے کی آئندہ سماعت 21 اکتوبر تک کے لیے طے کر دی ہے۔


سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ درختوں کی کٹائی اگر غلط ہے تو غلط ہے، چاہے ایک فیصد ہی کیوں نہ ہو۔ عدالت نے اس دوران مہاراشٹر حکومت سے حلف نامہ مانگا اور موجودہ حالت کی جانکاری طلب کی ہے۔ ساتھ ہی عدالت نے ان کارکنان کو فوراً آزاد کرنے کے لیے کہا جنھیں احتجاج کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ آرے کالونی کے حساس علاقہ ہونے سے متعلق فیصلہ بھی سنائے گا۔

راجیو رنجن نام کے سماجی کارکن نے درختوں کی کٹائی کے احتجاج میں چیف جسٹس رنجن گگوئی کو خط بھیجا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے اس خط کو ہی مفاد عامہ عرضی کی شکل میں بدلتے ہوئے اس پر سماعت کرنے کا فیصلہ کیا اور اسی کی بنیاد پر خصوصی بنچ تشکیل کی۔


غور طلب ہے کہ بامبے ہائی کورٹ نے درختوں کی کٹائی کو روکنے کے لیے داخل چار عرضیوں کو جمعہ کو خارج کر دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے ہفتہ کے روز بھی درختوں کی کٹائی پر روک لگانے سے انکار کر دیا تھا۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کے فوراً بعد آرے کالونی میں نصف رات میں ہی درختوں کی کٹائی شروع ہو گئی تھی۔ ماحولیات سے محبت کرنے والے سماجی کارکنان درختوں کی کٹائی کی مخالفت کر رہے ہیں۔

اس درمیان ممبئی کی ایک عدالت نے اتوار کو درخت کاٹے جانے کی مخالفت کر رہے 29 مظاہرین کو ضمانت دے دی۔ مظاہرین کو عوامی نظام میں رخنہ پیدا کرنے اور سرکاری افسروں کو ان کے کام سے روکنے کے لیے گرفتار کیا گیا تھا۔ ڈِنڈوشی ہالی ڈے کورٹ نے 7 ہزار روپے کے نقد بانڈ پر شرط کے ساتھ ضمانت دی ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ انھیں آگے کی پوچھ تاچھ کے لیے تھانہ جانا ہوگا۔ پولس نے مظاہرین پر تعزیرات ہند کی کئی دفعات لگائی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Oct 2019, 2:00 PM