دہلی فسادات: شرجیل امام کی درخواست ضمانت سپریم کورٹ سے مسترد، دہلی ہائی کورٹ کو فوری سماعت کی ہدایت
سپریم کورٹ نے شرجیل امام کی درخواست ضمانت پر اپنی طرف سے کارروائی کرنے سے انکار کر دیا اور ہائی کورٹ کو جلد سماعت کی ہدایت دی۔ امام کے وکیل نے شکایت کی تھی کہ درخواست 2022 سے زیر التوا تھی
سپریم کورٹ نے دہلی فسادات 2020 کے ملزم شرجیل امام کی درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے ان کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ ساتھ ہی دہلی ہائی کورٹ کو ہدایت دی گئی کہ اس معاملے میں جلد از جلد سماعت کی جائے۔ عدالت نے وضاحت کی کہ شرجیل امام کا معاملہ دہلی ہائی کورٹ میں پہلے سے زیر التوا ہے اور براہ راست سپریم کورٹ میں درخواست دینا قانونی طور پر درست طریقہ نہیں ہے۔ جسٹس بیلا ترویدی اور جسٹس ایس سی شرما کی بنچ نے کہا کہ درخواست گزار کو پہلے ہائی کورٹ سے رجوع کرنا چاہیے۔
شرجیل امام کے وکیل سینئر ایڈوکیٹ سدھارتھ دیو نے عدالت کے سامنے دلیل دی کہ ان کی درخواست 2022 سے ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے دو سالوں میں کئی بار سماعتیں ملتوی کی گئیں۔ وکیل نے وضاحت کی کہ وہ اس وقت درخواست پر فوری ضمانت کا تقاضا نہیں کر رہے، بلکہ صرف جلد سماعت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس پر ججوں نے بتایا کہ 25 نومبر کو اس کیس کی سماعت ہائی کورٹ میں مقرر ہے اور درخواست گزار کے وکیل کو چاہیے کہ اس دن تیز سماعت کا مطالبہ کریں۔
یاد رہے کہ شرجیل امام کو 2020 میں دہلی میں ہونے والے فسادات کے دوران نفرت انگیز تقریر اور مبینہ طور پر لوگوں کو اکسانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر تشدد اور فسادات کی سازش کے الزامات عائد ہیں۔ شرجیل امام پر الزام ہے کہ ان کی تقریریں اور بیانات دہلی فسادات کے دوران فساد کو بڑھاوا دینے میں معاون ثابت ہوئے۔
اس سے قبل بھی ان کی درخواستوں پر متعدد سماعتیں ہو چکی ہیں لیکن کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے۔ ہائی کورٹ نے اس معاملے میں کئی بار سماعتیں ملتوی کی ہیں، جس کی وجہ سے شرجیل امام کے وکلا نے فوری سماعت کی درخواست کی۔
شرجیل امام کے وکیل سدھارتھ دیو نے عدالت کو بتایا کہ ان کا مؤکل دو سال سے زائد عرصے سے جیل میں ہے اور ان کی درخواست پر فوری سماعت نہ ہونے کی وجہ سے وہ انصاف سے محروم ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔