سپریم کورٹ نے ای ڈی ڈائریکٹر کی مدت کار 15 ستمبر تک بڑھانے کو دی منظوری، مرکز نے لی راحت کی سانس
سالیسٹر جنرل نے آج سماعت کے دوران عدالت سے کہا کہ ہم جانتے ہیں آپ نے انھیں ہٹانے کی ہدایت دی ہے، لیکن حالات غیر معمولی ہیں، فنانشیل ایکشن ٹاسک فورس کو لے کر دورہ نومبر میں ہے۔
مرکزی حکومت نے آج اس وقت راحت کی سانس لی جب سپریم کورٹ نے ای ڈی ڈائریکٹر سنجے کمار مشرا کی مدت کار کو 15 ستمبر تک بڑھانے کی منظوری دے دی۔ حالانکہ مرکز نے مطالبہ کیا تھا کہ سنجے کمار کی مدت کار 15 اکتوبر تک بڑھائی جائے، لیکن 27 جولائی کو اس معاملے پر سماعت کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ نے 15 ستمبر تک کا وقت دیا اور کہا کہ یہ منظوری ملک کے مفاد کو دیکھتے ہوئے دی گئی ہے۔
آج ہوئی سماعت کے دوران سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ ہم نے سبھی عرضی دہندگان کو مطلع کیا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ آپ نے انھیں (ای ڈی ڈائریکٹر کو) ہٹانے کی ہدایت دی ہے، لیکن حالات غیر معمولی ہیں۔ فنانشیل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کو لے کر دورہ نومبر میں ہے۔ اس دلیل پر جسٹس بی آر گوئی نے کہا کہ کیا آپ یہ شبیہ نہیں بنا رہے ہیں کہ باقی سبھی افسران نااہل ہیں؟ صرف ایک ہی افسر کام کرنے میں اہل ہے؟
جسٹس گوئی کے تبصرہ پر سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ نااہلیت کی بات نہیں ہے، بات قیادت کی ہے۔ یہ افسر (ای ڈی ڈائریکٹر) تقریباً 5 سال سے اس معاملے کی تیاری سے جڑے ہوئے ہیں۔ ہندوستان کو جو ریٹنگ ملے گی اس کا ملک کو وسیع پیمانے پر فائدہ ملے گا۔ ورلڈ بینک کی کریڈٹ ریٹنگ وغیرہ پر بھی مثبت اثر پڑے گا۔ اس پر جسٹس گوئی نے کہا کہ ہم نے وقت دیا تھا کہ ایجنسی میں قیادت کی تبدیلی ہو سکے۔
سماعت کے دوران مرکز کی طرف سے پیش سالیسٹر جنرل کی باتوں پر ابھشیک منو سنگھوی اعتراض ظاہر کیا۔ انھوں نے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ایسی شبیہ بنا رہے ہیں جیسے ملک کی ساری ذمہ داری ایک ہی شخص (سنجے مشرا) کے کندھوں پر ہے۔ اس شخص کو دو سال پہلے عہدہ سے ہٹانا تھا۔ ایف اے ٹی ایف ریویو تو ایک سال تک چلے گا۔ اس طرح سے تو انھیں 2024 تک کی مدت کار کا مطالبہ کرنا چاہیے تھا۔ کیا ان کی دلیلوں کو قبول کیا جا سکتا ہے۔ سنگھوی نے کہا کہ دراصل انھوں نے جو قانون بنایا تھا، وہ صرف ایک شخص کے لیے ہی تھا۔ کسی نہ کسی طریقے سے ان کو عہدہ پر بنائے رکھنے کی کوشش ہے۔
اس درمیان ایڈووکیٹ پرشانت بھوشن نے کہا کہ سپریم کورت نے 11 جولائی کو ہی حکم صادر کر دیا تھا، لیکن مرکزی حکومت 26 جولائی تک انتظار کرتی رہی۔ اگر وہ شخص اتنا ہی ضروری ہے تو اسے خصوصی مشیر بنا لیجیے، اس طرح کی درخواست (ای ڈی ڈائریکٹر کی مدت کار بڑھانے کی) قانونی عمل کا غلط استعمال ہے۔
دراصل ای ڈی ڈائریکٹر سنجے کمار مشرا کی مدت کار کی توسیع کو ناجائز ٹھہرائے جانے کے کچھ دن بعد مرکز نے ایف اے ٹی ایف کا ریویو جاری رہنے کے مدنظر انھیں 15 اکتوبر تک عہدہ پر برقرار رکھنے کی اجازت کے لیے بدھ (26 جولائی) کو عدالت کا رخ کیا تھا۔ آج اسی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے 11 جولائی کو صادر کیے گئے اپنے حکم میں سنجے مشرا کی مدت کار کو تیسری توسیع دیے جانے کو ناجائز ٹھہراتے ہوئے ان کی توسیع شدہ مدت کار کو گھٹا کر 31 جولائی کر دیا تھا۔ لیکن اب تازہ فیصلے کے بعد وہ ای ڈی ڈائریکٹر عہدہ پر 15 ستمبر تک برقرار رہ سکیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔