عدالت نے اِلتجا کو محبوبہ سے ملنے کی دی اجازت، دفعہ 370 ہٹنے کے بعد ہوگی پہلی ملاقات

التجا جاوید نے سپریم کورٹ میں ایک عرضی داخل کر اپنی ماں محبوبہ مفتی سے ملاقات کی اجازت طلب کی تھی جس پر سماعت کرتے ہوئے آج انھیں یہ اجازت مل گئی۔ اب وہ کبھی بھی اپنی ماں سے ملاقات کر سکتی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

عدالت عظمیٰ نے التجا جاوید کو اپنی ماں محبوبہ مفتی سے ملنے کی اجازت دے دی ہے۔ عدالت نے کہا کہ محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا اپنی ماں سے ذاتی طور پر ملاقات کر سکتی ہیں۔ التجا اپنی سہولت کے مطابق ماں سے کبھی ملاقات کر سکتی ہیں۔ التجا جاوید نے ماں سے ملاقات کرنے کی یہ عرضی سپریم کورٹ میں 4 ستمبر کو داخل کی تھی۔ انھوں نے اپنی عرضی میں کہا تھا کہ افسران کو ہدایت دی جائے تاکہ وہ اپنی ماں سے بلاروک ٹوک ملاقات کر سکیں۔

التجا جاوید نے اپنی عرضی میں کہا تھا کہ اپنی ماں کی صحت کو لے کر وہ بہت فکر مند ہیں کیونکہ ان سے گزشتہ ایک مہینے سے ملاقات نہیں ہوئی ہے۔ التجا کی عرضی کو چیف جسٹس رنجن گوگوئی اور جسٹس ایس اے بوبڈے کے ساتھ ساتھ جسٹس ایس اے نذیر کی بنچ کے سامنے فہرست بند کیا گیا تھا۔


غور طلب ہے کہ جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ سمیت وادی کے کئی لیڈروں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ابھی تک کسی بھی لیڈر کی رِہائی نہیں ہوئی ہے۔

اس سے قبل محبوبہ کی بیٹی التجا جاوید نے ایک وائس میسج جاری کیا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ’’مجھے بھی حراست میں لیا گیا ہے، اور دھمکی دی گئی ہے کہ اگر میں نے میڈیا سے بات کی تو انجام بھگتنے ہوں گے۔‘‘ انھوں نے مزید بتایا تھا کہ ان کے ساتھ مجرموں کی طرح سلوک کیا جا رہا ہے اور لگاتار ان کے اوپر نظر رکھی جا رہی ہے۔ التجا نے بتایا تھا کہ آواز اٹھانے والے کشمیریوں کے ساتھ وہ بھی اپنی جان کو خطرے میں محسوس کر رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Sep 2019, 12:10 PM