سکیش چندرشیکھر نے اڈیشہ ریل حادثہ متاثرین کی مدد کے لیے 10 کروڑ روپے دینے کی پیشکش کی، جیل سے لکھا خط

اپنے خط میں سکیش چندرشیکھر نے کہا کہ وہ جن روپیوں سے اڈیشہ ٹرین حادثہ کے متاثرین کی مدد کرنا چاہتے ہیں، وہ اس نے پوری طرح قانونی طریقے سے کمائے ہیں۔

سکیش چندرشیکھر، تصویر آئی اے این ایس
سکیش چندرشیکھر، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

جیل میں بند ٹھگ سکیش چندرشیکھر نے ایک بار پھر چٹھی لکھی ہے۔ لیکن اس بار چٹھی نہ ہی دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال کے تعلق سے ہے، اور نہ ہی بالی ووڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈیز کے لیے۔ انھوں نے خط میں اڈیشہ ریل حادثہ میں متاثر ہوئے افراد کو مدد پہنچانے کی پیشکش کی ہے۔ منڈولی جیل میں بند سکیش نے تازہ خط مرکزی وزیر ریل کو لکھا ہے۔ انھوں نے اپنے خط میں اڈیشہ ریل حادثہ میں متاثر ہوئے کنبوں کو معاشی مدد دینے کی پیشکش کی ہے۔ سکیش نے کہا ہے کہ وہ متاثرہ کنبوں کی مدد کے لیے 10 کروڑ روپے کی مالی مدد کرنا چاہتے ہیں۔

سکیش نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ اڈیشہ ریل حادثہ کے بارے میں جان کر وہ گزشتہ کئی دنوں سے بہت غمزدہ ہیں۔ وہ حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کے لیے دعا کرتے ہیں۔ سکیش کا کہنا ہے کہ وہ ان لوگوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں تاکہ ان کے لیے زندگی میں کچھ آسانیاں میسر ہو جائیں۔ انھوں نے وزیر ریل سے ان کی تجویز کو قبول کرنے کی گزارش بھی کی۔


اپنے خط میں سکیش چندرشیکھر نے کہا کہ وہ جن روپیوں سے اڈیشہ ٹرین حادثہ کے متاثرین کی مدد کرنا چاہتے ہیں، وہ اس نے پوری طرح قانونی طریقے سے کمائے ہیں۔ اگر ضرورت پڑی تو اس کے دستاویزات بھی پیش کیے جا سکتے ہیں۔ خط میں سکیش نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت نے جو راحت و بچاؤ کام کیے ہیں، ان کی بھی تعریف کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔