شمالی کشمیر میں فوجی اہلکار نے دوران ڈیوٹی اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا

سرکاری ذرائع کے مطابق ضلع بانڈی پورہ کے پنار علاقے میں فوج کی 14 آر آر سے وابستہ ایک فوجی اہلکار نے اتوار کی علی الصبح قریب پونے چار بجے دوران ڈیوٹی اپنی ہی بندوق سے اپنا کام تمام کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں اتوار کی علی الصبح ایک فوجی اہکار نے اپنی ہی سروس رائفل سے اپنی زندگی تمام کر دی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ضلع بانڈی پورہ کے پنار علاقے میں فوج کی 14 آر آر سے وابستہ ایک فوجی اہلکار نے اتوار کی علی الصبح قریب پونے چار بجے دوران ڈیوٹی اپنی ہی بندوق سے اپنا کام تمام کیا۔

مہلوک فوجی اہلکار کی شناخت سپاہی سیتندرا کمار تومر ساکن مورینہ مدھیہ پردیش کے بطور ہوئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گولیوں کی آواز سنتے ہی مہلوک فوجی کی طرف دوڑے اور اس کو خون میں لت پت دیکھا۔ انہوں نے بتایا کہ ستندرا کمار کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔


دریں اثنا ایک سینئر پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود بھی جموں وکشمیر میں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔

مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع شری پد نائیک نے گزشتہ برس دسمبر میں لوک سبھا میں فوجی جوانوں کی طرف سے خودکشیاں کرنے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سال 2010 سے سال 2019 کے دوران 1113 فوجی اہلکاروں نے خودکشی کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔