وانمباڈی: اسلم باشاہ کی ریلوے انڈر پاس کی تعمیر کے لئے کامیاب بھوک ہڑتال
تحصیلدارنے کہا کہ وانمباڑی نیوٹائون میں ریلوے انڈر پاس کی تعمیر کا آغاز جلد شروع کرا دیا جائے گا، اس یقین دہانی کے بعد کانگریس اقلیتی شعبہ کے صدر اسلم باشاہ نے بھوک ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
وانمباڑی : تمل ناڈو میں ضلع ویلور کے وانمباڑی شہر کے وسطی علاقہ میں ریلوے گیٹ پر انڈر پاس بنانے کے لئے کانگریس کے اقلیتی شعبہ کے ریاستی صدر جے اسلم باشاہ کی کاوش آخر کار رنگ لائی اور اب اس انڈر پاس کی تعمیر کا راستہ تقریباً صاف ہو گیا ہے۔
اسلم باشاہ نے انڈر پاس کی تعمیر کے لئے غیر معینہ بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے تھے ۔ تمام سیاسی جماعتوں کے عہدیداران سماجی کار کنان اور عوام الناس نے اس بھوک ہڑتال کا خیر مقدم کیا تھا۔
بھوک ہڑتا ل شام 7بجے تک چلتی رہی ۔ ایسی صورت حال میں وانمباڑی تحصیلدار کرشناوینی ،ڈی یس پی مرلی اور پولیس انسپکٹر رام چندرن اور انسپکٹر راج کمار نے موقع پر پہنچ کر بات چیت کے ذریعہ بھوک ہڑتال کو ختم کرنے کی کوشش کی لیکن اسلم باشاہ نے کہا کہ جب تک کام شروع کرنے کا وعدہ نہ کیا جائے اور متعلقہ ٹھیکیدار کام شروع نہیں کریں گے بھوک ہڑتال ختم نہیں ہوگی۔ آخر کار وانمباڈی کے تحصیلدار کو یقین دہانی کرائی کہ انڈر پاس کی تعمیر کا کام شروع ہوگا اور لگاتار جاری رہے گا اس کے بعد اسلم باشاہ نے بھوک ہڑتال ختم کر دی۔
عوام کی طرف سے انڈر پاس (سرنگی راستہ ) بنانے کا مطالبہ ایک زمانہ سے کیا جا رہا ہے ۔ مرکزی اور ریاستی سطح پر جب اسے زور شور سے اٹھایا گیا تو اس کی تعمیر کے لئے تقریباً 16کروڑ کی رقم بھی جاری کردی گئی اور گزشتہ سال ستمبر مہینے میں انڈر پاس کی تعمیر کا کام شروع کرنے کے لئے بھومی پوجن بھی کر لیا گیا۔ لیکن 9مہینوں سے زمینی سطح پر کوئی کام نہیں کیا گیا اور یہ کام بیچ میں ہی لٹکا رہا۔ انڈر پاس تعمیر نہ ہونے کے سبب کالج کے طلبا و طالبات سمیت ہزاروں لوگ وں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔
سرنگی راستہ کے کام کو فوری طور پر آغاز کرنے کے لئے کانگریس ،ڈی یم کے اور کئی ریاستی پارٹیوں نے احتجاج بھی کیا تھا لیکن حکومت کے کان پر جوں تک نہ رینگی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔