نبی کریمؐ کی تعلیمات پر عمل سے ہی کامیابی ممکن: مولانا محمد اعجاز عرفی قاسمی

جامعہ اسلامیہ دارالعلوم سمدھن قنوج کے زیر اہتمام ’اتحاد ملت کانفرنس‘ کا انعقاد۔ کئی معزز شخصیات ہوئے شریک۔

علامتی تصویر سوشل میڈیا
علامتی تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

قنوج: اسلام میں تعلیم کی اہمیت پر زور ڈالتے ہوئے آل انڈیا تنظیم علماء حق کے صدر مولانا محمد اعجاز عرفی قاسمی نے کہا کہ حضور اکرمؐ کے پاس حضرت جبرئیل علیہ السلام جب پہلی وحی لے کر آئے تو اس میں سب سے پہلے پڑھنے کا ہی تذکرہ ہے اور تا زندگی تعلیم وتعلم پر عملی اور قولی طور پر روشنی ڈالنے کی تلقین کرتے رہے۔

جامعہ اسلامیہ دارالعلوم سمدھن قنوج کے زیر اہتمام ’اتحاد ملت کانفرنس‘ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج منظرنامہ اس کے بالکل برعکس ہوچکا ہے آج ہمارے پاس تمام سہولیات ہونے کے باوجود ہم علم سے کوسوں دور ہوتے جا رہے ہیں، پوری دنیا میں مسلمان پسماندگی کے شکار ہیں اس کی سب سے اہم وجہ یہی ہے کہ مسلمان رسول اکرمؐ کے بتائے ہوئے راستے کو چھوڑ کر دیگر راستے پر چل رہے ہیں، جہالت کو دور کرنا اور علم کا حاصل کرنا ہر مسلمان کا اسلامی فریضہ ہے کہ وہ حضور اکرمؐ کے ارشادات کو سمجھے اور ان کی زندگی کے نقوش کو پہچانے اور ان ارشادات اور ان نقوش کو اپنے لئے مشعل راہ بنائے۔


اس موقع پر ایران سے تشریف لائے ہوئے مولانا ڈاکٹر علی زادہ موسوی نے بھی سیرت کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے سارے عبادات واحکامات سے ملت کو یہ اہم پیغام ملتا ہے کہ یہ ملت واحدہ ہے جس قدر اتحاد واتفاق کے ساتھ امت کو زندگی بسر کرنے کی تعلیم دی گئی ہے لیکن امت اتحاد سے بچتے ہوئے انتشار واختلافات کی اندھیروں میں بھٹک رہی ہے۔اگر اپنے اندر یہ امت اتحاد کے ساتھ زندگی گذارنے کا سلیقہ پیدا کرلے تو کوئی بھی اس کو شکست نہیں دے سکتا اور یہ امت ہر میدان میں کامیابی اور کامرانی کا جشن مناتی رہے گی۔مولانا تقی حیدر نے بھی اپنی تقریر میں متحد رہنے کی دعوت دی اور لوگوں کو بتایا کہ اتحاد میں امت کی کامیابی کا راز پوشیدہ ہے۔

جامعہ اسلامیہ دارالعلوم کے مہتمم مولانا شمشاد قاسمی نے صدارت کی اور آخر میں مفتی شمشاد قاسمی کی دعاء پر یہ کانفرنس اختتام کو پہنچی۔ پھر امن واتحاد کا یہ کارواں مولاناڈاکٹر سعیدالرحمٰن اعظمی اور مولانا سید محمد رابع حسنی سے ملاقات کے لئے رائے بریلی پہنچا،مولانا سید محمد رابع ندوی نے بہت ہی والہانہ انداز میں فراخ دلی سے استقبال کرتے ہوئے اپنی کتابیں بھی عنایت فرمائیں اور اس خطہ صالحین میں اکابرعلماء کے فیوض وبرکات سے مستفیض ہوتے ہوئے رائے بریلی سے یہ کاروان امن واتحادآج دہلی پہنچا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔