چھتیس گڑھ: اسکولوں میں ہفتہ کے ایک دن ’چھتیس گڑھی‘ زبان میں ہوگی پڑھائی، یومِ اساتذہ پر وزیر اعلیٰ کا اعلان

وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے یومِ اساتذہ پر ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی ثقافت اور روایات کو فروغ دینے کے لیے سوامی آتمانند انگریزی میڈیم اسکولوں میں اب سنسکرت کی بھی پڑھائی ہوگی۔

بھوپیش بگھیل، تصویر آئی اے این ایس
بھوپیش بگھیل، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

چھتیس گڑھ میں اب ریاست کے سبھی اسکولوں میں ہفتہ میں ایک دن ’چھتیس گڑھی‘ زبان اور قبائلی بولی میں پڑھائی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے یومِ اساتذہ کے موقع پر مقامی زبان اور بولی کو فروغ دینے کے لیے بڑا فیصلہ لیتے ہوئے اس کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے یومِ اساتذہ پر چھتیس گڑھ کے طلبا و طالبات کے مفاد میں کئی بڑے فیصلے لیے۔

وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ ریاست میں چھتیس گڑھی زبان کو فروغ دینے کے لیے سبھی اسکولوں میں اب ہفتہ میں ایک دن چھتیس گڑھی اور قبائلی بولی کی تعلیم دی جائے گی۔ اس کے لیے تعلیمی مواد بھی تیار کیے جا رہے ہیں۔ بستر اور سرگوجا علاقوں میں وہاں کی مقامی قبائلی بولیوں کے مطابق اور بقیہ علاقوں میں چھتیس گڑھی زبان میں نصابی مواد تیار ہو رہے ہیں۔ ہفتہ میں ایک دن چھتیس گڑھی زبان میں تعلیم سے مقامی زبان کو فروغ ملے گا اور طلبا میں تعلیم کے تئیں لگاؤ پیدا ہوگا۔


وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے مزید ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی ثقافت اور روایت کو فروغ دینے کے لیے سوامی آتمانند انگریزی میڈیم اسکولوں میں اب سنسکرت سبجیکٹ کی بھی پڑھائی ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی سوامی آتمانند انگریزی میڈیم اسکولوں میں کمپیوٹر کی تعلیم بھی لازمی ہوگی۔

یومِ اساتذہ کے موقع پر وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے مہاتما گاندھی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ایسی ہونی چاہیے جو طالب علم کا جسمانی، ذہنی اور روحانی ترقی کرے اور اسی کو دھیان میں رکھتے ہوئے چھتیس گڑھ حکومت تعلیم کو فروغ دینے کے لیے جدید طرز کو اختیار کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔