دہلی کے آئی اے ایس کوچنگ سینٹر میں سیلاب سے ہلاک ہونے والے 3 طلباء کون تھے؟

سیول سروس کے تین امیدوار، اتر پردیش کی شریا یادو، تلنگانہ کی تانیا سونی، اور کیرالہ کے نیوین ڈالوین، ہفتہ کے روز دہلی میں ان کے کوچنگ سینٹر کے تہہ خانے میں پانی بھر جانے کے بعد ہلاک ہو گئے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

مرکزی دہلی کے اولڈ راجندر نگر علاقے میں موسلا دھار بارش کے بعد ہفتہ کی شام کو ایک کوچنگ سینٹر کے تہہ خانے میں پانی بھر جانے سے سیول سروس کے تین امیدواروں کی موت ہو گئی۔ امدادی کارکنوں نے تہہ خانے سے لاشیں نکالیں، جن کی شناخت اتر پردیش کی شریا یادو، تلنگانہ کی تانیا سونی اور کیرالہ کے نیوین ڈالوین کے طور پر ہوئی ہے۔

اس واقعہ سے راؤ کے کوچنگ سنٹر اور دیگر اداروں کے خواہشمندوں اور طلباء میں زبردست غصہ پیدا ہوا اور انہوں نے ہلاکتوں پر کوچنگ سنٹر کے باہر احتجاج کیا اور حکام کے خلاف نعرے لگائے۔ دہلی حکومت نے پورے معاملہ کی میجسٹریٹ جانچ کا اعلان کر دیا ہے ادھر ایم سی ڈی نےتیرہ مراکز کو سیل کر دیا ہے۔


شریا یادو:اتر پردیش کے امبیڈکر نگر سے تعلق رکھنے والی 25 سالہ طالبہ شریا یادو نے اپریل 2024 میں راؤ کے آئی اے ایس کوچنگ انسٹی ٹیوٹ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ شریا تین بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھیں۔ وہ ملک کے مشکل ترین امتحانات میں سے ایک کو پاس کرنے کے خواب کے ساتھ دہلی آئی تھیں ۔

شریا نےسلطان پور میں کملا نہرو انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے زراعت میں بی ایس سی کی  ڈگری حاصل کی تھی۔ اس کے خاندان اور اساتذہ اسے بچپن سے ہی "مطالعہ میں ہوشیار" اور ایک ہونہار طالب علم کے طور پر یاد کرتے ہیں۔شریا کے والد امبیڈکر نگر میں ایک ڈیری کی دکان چلاتے ہیں، اور شریا کے بھائیوں میں سے ایک، ابھیشیک یادو، ماس کمیونیکیشن کا طالب علم ہے۔


تانیا سونی:ایک 25 سالہ لڑکی  تانیا سونی کا تعلق تلنگانہ کے سکندرآباد سے تھا اور وہ اصل میں بہار کے اورنگ آباد سے تعلق رکھتی تھی۔ وہ دہلی یونیورسٹی کی طالبہ تھی۔خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، وہ ڈی یو کے مہاراجہ اگرسین کالج کے خواتین کے ہاسٹل میں رہ رہی تھی اور ڈیڑھ ماہ قبل  ہی کوچنگ انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لیا تھا۔ تانیا کے والد وجے کمار تلنگانہ میں کان کنی کی ایک کمپنی میں کام کرتے ہیں۔ اس کے دو چھوٹے بہن بھائی تھے، ایک بھائی اور ایک بہن۔

نیوین ڈالون:کیرالہ کے ایرناکولم سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ آئی اے ایس کے امیدوار نیوین ڈالوین تقریباً آٹھ ماہ سے دہلی میں رہ رہے تھے۔ وہ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کر رہے تھے۔ نیوین، جو پٹیل نگر میں مقیم تھے، ہفتہ کی صبح تقریباً 10 بجے تہہ خانے میں واقع لائبریری کا دورہ کیا تھا۔ نیوین کا خاندان گزشتہ 10-12 سالوں سے ایرناکولم میں مقیم ہے، اور وہ اصل میں ترواننت پورم ضلع سے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔