گجرات کے اسکول میں گروگرام اسکول جیسا قتل
گجرات واقع وڈودرا کے اسکول میں 9ویں درجہ کے طالب علم کا خون سے شرابور لاش ملنے کے بعد افرا تفری کا ماحول ہے۔ طلبا کی لاش اسکول کے واش روم میں ملی ہے۔
گجرات کے وڈودرا میں 9ویں درجہ کے ایک طالب علم کی لاش واش روم سے برآمد ہوئی ہے۔ اس قتل واقعہ نے گروگرام کے ایک پرائیویٹ اسکول میں ہوئے قتل کی یاد تازہ کر دی ہے۔ خبروں کے مطابق وڈودرا کے ایک اسکول میں 9ویں درجہ کے طالب علم کی لاش خون سے تر بہ تر ملنے سے افرا تفری کا ماحول ہے۔ طالب علم کے پیٹ پر چاقو کے نشان ہیں۔ اس واقعہ کی جانکاری اسکول انتظامیہ نے پولس کو دی جس کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچی پولس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ پولس نے وہاں ایک اسکول بیگ سے چاقو بھی برآمد کیا ہے۔ جائے حادثہ پر پہنچے فورنسک افسر نے کہا کہ "یہ ایک منصوبہ بند قتل معلوم ہو رہا ہے۔ طالب علم کے بیگ سے چاقو کے علاوہ مرچ پاوڈر کا پانی بھی برآمد ہوا ہے۔ معاملے کی تحقیقات ہنوز جاری ہے۔"
گزشتہ سال ستمبر میں دہلی سے ملحق گروگرام واقع ایک پرائیویٹ اسکول کے باتھ روم کے باہر سے اسکولی طالب علم کی لاش ملی تھی۔ اس کے گلے پر گہرے چوٹ کے نشان تھے۔ اس معاملے کی جانچ کے دوران پتہ چلا تھا کہ اسکول میں سیکورٹی کا نظام ٹھیک نہیں تھا۔ اس معاملے کی جانچ کے دوران پولس نے بس کنڈکٹر کو ملزم بنایا تھا۔ پولس کا اس معاملے میں کہنا تھا کہ بس کنڈکٹر بچے کا جسمانی طور پر استحصال کرنا چاہتا تھا، لیکن ایسا نہ ہونے پر اس نے طالب علم کا قتل کر دیا۔
اس معاملے کی جانچ جب سی بی آئی کے پاس گئی تو پورے معاملے کی سمت ہی بدل گئی اور جانچ ایجنسی نے اسکول میں ہی پڑھنے والے 16 سالہ طالب علم کو ملزم بنایا۔ اس معاملے میں جوینائل جسٹس بورڈ نے نابالغ ملزم پر بالغ کی طرح کیس چلانے کو منظوری دے دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔