بہار میں دبنگوں کی بیویاں بھی دم خم دکھانے کے لئے تیار
جے ڈی یو نے سیوان پارلیمانی سیٹ سے دروندھا کی ممبر اسمبلی اور ’دبنگ‘ اجے سنگھ کی بیوی کویتا سنگھ کو میدان میں اتارا ہے۔ کویتا سنگھ کی ساس جگ ماتو دیوی بھی دروندھا اسمبلی سے ممبر اسمبلی رہ چکی ہیں۔
پٹنہ: بہار کی سیاست میں الگ ہی مقام رکھنے والے دبنگ شبیہ کے مالک لیڈروں کی بیویاں بھی اپنے تیور دکھانے کے لئے اس بار لوک سبھا کے انتخابی دنگل میں اتری ہیں۔
بہار میں دبنگ شبیہ رکھنے والے لیڈر اکثر سرخیوں میں رہتے ہیں۔ الیکشن جیتنے کے لئے مختلف پارٹیاں اپنی حکمت عملی کے مطابق دبنگوں کو گلے لگاتی ہیں۔ ’دبنگ‘ لیڈر بھی اپنی سہولت کے مطابق پارٹیاں بدلتے رہتے ہیں۔ بہار میں ایسے لیڈروں کی فہرست کافی طویل ہے۔ اس وقت کئی ’دبنگ‘ لیڈروں کی بیویاں رکن اسمبلی ہیں تو کچھ کی رکن پارلیمنٹ۔ بہار میں سیاسی جماعتیں زیادہ سے زیادہ سیٹیں جیتنے کے لئے دبنگ شبیہ رکھنے والے لیڈروں یا ان کے رشتہ داروں کو ٹکٹ دیتی آئی ہیں۔ اس بار بھی تقریباً ہر پارٹی نے دبنگ شبیہ والے لیڈروں کی بیویوں پر داؤ لگایا ہے۔
قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی اہم اتحادی بی جے پی کے ٹکٹ پر ’دبنگ‘ لیڈر اور سابق وزیر برج بهاری پرساد کی بیوی اور سبکدوش ہونے والی رکن پارلیمنٹ رما دیوی شیوہر سے انتخابی میدان میں اتر رہی ہیں۔ اسی طرح جیل میں بند ’دبنگ‘ لیڈر اور سابق ممبر پارلیمنٹ آنند موہن کی بیوی اور سابق ممبر پارلیمنٹ لولی آنند کانگریس سے ٹکٹ نہ ملنے پر شیوہر سیٹ سے ہی آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑنے جا رہی ہیں۔
این ڈی اے کی اتحادی جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) نے سیوان پارلیمانی سیٹ سے دروندھا کی ممبر اسمبلی اور ’دبنگ‘ اجے سنگھ کی بیوی کویتا سنگھ کو میدان میں اتارا ہے۔ کویتا سنگھ کی ساس جگ ماتو دیوی بھی دروندھا اسمبلی سے ممبر اسمبلی رہ چکی ہیں۔ سیوان سے ہی سابق ’دبنگ‘ رہنما محمد شہاب الدین کی بیوی حنا شہاب راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے جا رہی ہیں۔ سیوان بہار کی ایک ایسی ہائی پرروفائل پارلیمانی سیٹ ہے جس کے نتائج پر پورے ملک کی نگاہیں رہتی ہیں۔ سیوان میں دو دبنگوں کی بیویوں کے درمیان دلچسپ مقابلے کی امید ہے۔
این ڈی اے میں شامل لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کی ٹکٹ پر گائے گھاٹ ’دبنگ‘ ایم ایل سی دنیش سنگھ کی بیوی وینا دیوی ویشالی سے الیکشن لڑنے جا رہی ہیں۔ وینا دیوی کا مقابلہ اس علاقے سے مسلسل پانچ بار ایم پی رہے آر جے ڈی کے قدآور لیڈر اور سابق مرکزی وزیر رگھوونش پرساد سنگھ سے ہے۔
مکاما سے ’دبنگ‘ ممبر اسمبلی اننت سنگھ کی بیوی نیلم دیوی مونگیر سے کانگریس کی ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہی ہیں، جہاں ان کا مقابلہ بہار کے آبی وسائل کے وزیر اور جے ڈی یو امیدوار راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ سے ہے۔ ’دبنگ‘ لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ پپو یادو کی بیوی اور رکن پارلیمنٹ رنجیت رنجن کانگریس کے ٹکٹ پر سپول سے ہی الیکشن لڑ رہی ہیں۔
مهاگٹھبدھن میں شامل آر جے ڈی نے نوادہ سے رکن اسمبلی رہے ’دبنگ‘ لیڈر راج ولّبھ یادو کی بیوی وبھا دیوی کو انتخابی دنگل میں اتارا ہے۔ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں اس سیٹ پر بی جے پی کے امیدوار گری راج سنگھ نے یادو کو 140157 ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی تھی۔ عام انتخابات میں ہارنے والے آر جے ڈی کے اس لیڈر نے 2015 کے اسمبلی انتخابات میں نوادہ حلقے سے قسمت آزمائی تھی اور وہ فاتح رہے تھے۔ نابالغ کی آبرویرزی کے معاملے میں عمر قید کی سزا کے بعد یادو نے نہ صرف اسمبلی کی رکنیت گنوائی بلکہ انہیں پارٹی سے معطل بھی کردیا گیا۔ وبھا دیوی کا مقابلہ ایل جے پی امیدوار اور ’دبنگ‘ سورج بھان سنگھ کے بھائی چندن کمار سے ہے۔ اس صورت میں دو دبنگوں کے درمیان درپردہ طور پر سیاسی تسلط کے سلسلے میں ہونے والے مقابلے میں اس بار نوادہ کا انتخاب کافی دلچسپ ہو جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔