جھارکھنڈ کے رانچی اور جمشید پور میں زلزلہ کے تیز جھٹکے، خوفزدہ لوگ گھروں سے نکلے باہر
ہفتہ کی صبح آئے زلزلہ کی شدت ریختر پیمانے پر 4.3 درج کی گئی ہے۔ ابھی تک کسی بھی طرح کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
ہفتہ کی صبح جھارکھنڈ کے کئی حصوں میں زلزلہ کے تیز جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریختر پیمانے پر اس کی شدت 4.3 درج کی گئی ہے۔ زلزلہ کا جھٹکا محسوس ہوتے ہی لوگ کافی خوفزدہ ہو گئے اور فوراً اپنے اپنے گھروں سے نکل کر باہر آ گئے۔ راحت کی بات ہے کہ ابھی تک کسی بھی طرح کی جانی یا مالی نقصان کی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔
جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی کے تماڑ کے علاوہ کئی علاقوں میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ وہیں جمشید پور میں بھی صبح میں 5 سیکنڈ تک لوگوں کو زلزلہ کے جھٹکے کا احساس ہوا۔ چائباسا کے چکردھرپور میں بھی زلزلہ کے جھٹکوں سے خوفزدہ ہو کر لوگ گھروں سے باہر آ گئے۔
بتایا جاتا ہے کہ جھارکھنڈ کے کھرساواں ضلع سے 13 کلومیٹر دور زلزلہ کا مرکز پایا گیا۔ ہفتہ کی صبح 9.20 بجے یہیں پر زلزلہ آیا تھا، ریختر پیمانہ پر اس کی شدت 4.3 میگنیٹیوڈ ناپی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ زمین کے اندر 7 پلیٹس ہیں، جو مسلسل گھومتی رہتی ہیں۔ جہاں یہ پلیٹس زیادہ ٹکراتی ہیں، وہ زون فالٹ لائن کہلاتا ہے۔ بار بار ٹکرانے سے یہ پلیٹس کے کونے مڑتے ہیں، جب زیادہ دباؤ بنتا ہے تو پلیٹس ٹوٹنے لگتی ہیں۔ نیچے کی توانائی باہر آنے کا راستہ تلاش کرتی ہے اور ڈسٹربینس کے بعد زلزلہ آتا ہے۔
زلزلہ کو ریختر اسکیل پر ناپا جاتا ہے۔ ریختر اسکیل زلزلہ کی لہروں کی شدت کی پیمائش کا ایک ریاضیاتی پیمانہ ہوتا ہے، اسے ریکٹر میگنیٹیوڈ ٹسٹ اسکیل کہا جاتا ہے۔ ریختر اسکیل پر زلزلہ کو اس کے مرکز یعنی ایپی سینٹر سے 1 سے 9 تک کی بنیاد پر ناپا جاتا ہے۔ یہ پیمانہ زلزلہ کے دوران زمین کے اندر سے نکلی توانائی کی بنیاد پر شدت کی پیمائش کرتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔