جنوبی کشمیر: ترال میں ملی ٹینٹ کی لاش برآمد، لوگوں کی ہڑتال

غیرملکی ملی ٹینٹ کی ہلاکت کے خلاف قصبہ ترال میں ہڑتال کے دوران دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ ٹریفک کی آمدورفت جزوی طور پر متاثر رہی۔

UNI
UNI
user

یو این آئی

جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہفتہ کے روز جیش محمد سے وابستہ ایک غیرملکی ملی ٹینٹ کی لاش برآمد کی گئی ہے جس کے تعلق سے ریاستی پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملی ٹینٹ اپنے خفیہ ٹھکانے پر دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) تیار کرنے کے دورن ہلاک ہوگیا ہے۔

جنوبی کشمیر کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ایس پی پانی نے بتایا کہ ’’ترال کے عیدگاہ علاقہ میں ایک پاکستانی ملی ٹینٹ اپنے خفیہ ٹھکانے میں دیسی ساختہ بم تیار کرنے کے دوران ہلاک ہوگیا ہے۔‘‘

انہوں نے بتایا ’مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی کہ عیدگاہ میں ایک لاش پڑی ہوئی ہے۔ پولیس کی ایک پارٹی نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا‘۔ڈی آئی جی نے بتایا ’’لاش کی شناخت جیش محمد کے پاکستانی ملی ٹینٹ کے بطور کی گئی ہے۔ ‘‘

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ملی ٹینٹ بم تیار کرنے کے دوران اس کے اچانک پھٹنے سے ہلاک ہوگیا ہے۔ پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں کہا ’’آری پل ترال میں ایک خفیہ ٹھکانے میں آئی ای ڈی کو تیار کرنے کے دوران دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں جیش محمد سے وابستہ ایک ملی ٹینٹ کی موت واقع ہوئی۔ ‘‘

موصولہ اطلاعات کے مطابق مقامی لوگوں نے لاش کے سامنے ایک خط پڑا پایا جس میں جیش محمد کے ملی ٹینٹ نے لکھا تھا کہ مہلوک ملی ٹینٹ کی موت ایک بم کے اچانک پھٹنے سے واقع ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹینٹ کی لاش کی برآمدگی کے حوالے سے کیس درج کرکے ضروری قانونی کاروائی شروع کردی ہے۔دریں اثنا غیرملکی ملی ٹینٹ کی موت کے خلاف ہفتہ کو قصبہ ترال میں ہڑتال کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق قصبہ میں دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ ٹریفک کی آمدورفت جزوی طور پر متاثر رہی۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیکمشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Dec 2017, 2:29 PM