طالبان کے مضبوط ہونے سے ہندوستان کو نقصان ہوگا: مہنت نریندر گری

مہنت نریندر گری نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ سے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت کو آبادی کنٹرول کے لئے ایسا قانون لانا چاہئے جو یکساں طور سے سبھی ریاستوں میں نافذالعمل ہو۔

مہنت نریندر گری، تصویر آئی اے این ایس
مہنت نریندر گری، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

پریاگ راج: آل انڈیا اکھاڑا کونسل کے صدر مہنت نریندر گری نے آج کہا کہ افغانستان میں طالبان کا مضبوط ہونا ہندوستان کے لئے اچھا نہیں ہے۔ مہنت نریندر گری نے یہاں دعوی کیا کہ کچھ طالبان کے حامی افراد ملک میں رہ کر اس کے خلاف ہی لگاتار سازش کررہے ہیں۔ نریندر گری یہیں نہیں رکے بلکہ مزید کہا کہ وہ ایک سازش کے تحت مسلم سماج کی آبادی کو بڑھا رہے ہیں۔ جو ملک کے لئے بالکل بھی خوش آئند بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ طالبان کی زبان بولتے ہیں اور ملک میں رہ کر اس کے خلاف نعرے بازی کرتے ہیں۔ایسے لوگ دہشت گردی کے زمرے میں آتے ہیں۔

نریندر گری نے الزام لگایا کہ ایک مخصوص کمیونٹی کے لوگ طالبان کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں رہ کر طالبان کی حمایت کرنا مایوس کن ہے ایسے لوگوں کے خلاف غداروطن کا مقدمہ درج ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اگر ان کی آبادی میں اضافہ ہوتا ہے تو ملک کے لئے مسئلہ مزید سنگین ہوجائے گا۔


مہنت نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ سے ملک میں آبادی کنٹرل قانون بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کو آبادی کنٹرول کے لئے ایسا قانون لانا چاہئے جو یکساں طور سے سبھی ریاستوں میں نافذالعمل ہو۔ انہوں نے کہا کہ وقت رہتے ہوئے اگر ایسا نہیں کیا گیا تو ملک ایک سنگین مسئلے سے دوچار ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔