وندے بھارت پر پتھراؤ کا سلسلہ جاری، بہار میں تازہ واقعہ سے مسافروں میں دہشت، 21 دنوں میں چوتھا حملہ

ریلوے سیکورٹی افسران نے کہا ہے کہ وندے بھارت ایکسپریس پر پتھر بازی کو انجام دینے والوں کی شناخت کر کے ان کو ہر حال میں گرفتار کر سلاخوں کے پیچھے بھیجا جائے گا۔

وندے بھارت ٹرین، تصویر آئی اے این ایس
وندے بھارت ٹرین، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ایک بار پھر ’وندے بھارت ایکسپریس‘ پر پتھراؤ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس مرتبہ پتھر مارے جانے کا واقعہ بہار کے کٹیہار میں پیش آیا ہے جس سے مسافروں میں دہشت بڑھ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اس وقت ہوا جب وندے بھارت ایکسپریس دلکھولا-تیلتا ریلوے اسٹیشن کو پار کر رہی تھی۔ یہ علاقہ بہار کے کٹیہار ضلع کے بلرامپور تھانہ کے تحت آتا ہے۔ معاملہ جمعہ کے روز کا ہے لیکن پولیس نے ہفتہ کے روز اس سلسلے میں جانکاری دی ہے۔

خبر رساں ایجنسی ’اے این آئی‘ کے مطابق 22302 ڈاؤن وندے بھارت ایکسپریس کے ایک کوچ کی دائیں طرف والی شیشہ کی کھڑکی کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ملی تھی۔ ہفتہ کے روز ایک ٹرین اسکارٹ پارٹی نے مقامی افسران کو مطلع کیا کہ کوچ نمبر سی-6 میں سفر کر رہے مسافروں نے بتایا تھا کہ ٹرین پر پتھراؤ کیا گیا تھا۔ اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا، لیکن ریلوے کو نقصان ہوا ہے۔ اس سلسلے میں جی آر پی، آر پی ایف کو بھی خبر دی گئی ہے۔


بتایا جاتا ہے کہ جمعہ (20 جنوری) کی شام تقریباً 4.15 بجے واقعہ پیش آیا تھا۔ نیو جلپائی گوڑی سے ہوڑہ جا رہی وندے بھارت ایکسپریس کی اسکارٹ پارٹی نے بتایا کہ ’’کوچ 6 میں برتھ نمبر 70 پر مسافر نے ڈالکھولا-تیلتا ریلوے اسٹیشن کو پار کرتے وقت پتھراؤ کی خبر دی۔‘‘ پتھراؤ کی وجہ سے کوچ کی ایک کھڑکی کا شیشہ ٹوٹ گیا۔ اس سلسلے میں آر پی ایف کے سینئر افسر نے کٹیہار کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کو جانکاری دی۔

ریلوے سیکورٹی افسران نے اس معاملے میں کہا ہے کہ پتھر بازی کو انجام دینے والوں کی شناخت کر کے ان کو ہر حال میں گرفتار کر سلاخوں کے پیچھے بھیجا جائے گا۔ دوسری طرف ٹرین میں سوار مسافروں نے اس واقعہ پر ناراضگی ظاہر کی ہے اور اسے غیر مہذب بتایا ہے۔ خواتین اور بچوں کے ساتھ سفر کر رہے لوگوں نے ٹرین کی سیکورٹی کو لے کر بھی ناراضگی ظاہر کی ہے۔ ایک مسافر نے کہا کہ ’’یہ غیر مہذب سلوک کی ایک مثال ہے۔ جرائم پیشوں کو فوراً سزا دی جانی چاہیے۔‘‘ ایک دیگر مسافر نے کہا کہ ’’یہ (وندے بھارت ایکسپریس) نئی ٹرین ہے۔ کوئی اس ٹرین پر حملہ کیسے کر سکتا ہے؟ یہ ناقابل قبول ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اگر یہ جاری رہا تو لوگ وندے بھارت کا ٹکٹ لینا بند کر دیں گے اور مسافروں کی تعداد کم ہو جائے گی۔ لوگوں کے پاس سیکورٹی نظام پر بھروسہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں بچے گی۔ بار بار ہو رہے ان حادثات نے خوف پیدا کر دیا ہے۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے بھی وندے بھارت ایکسپریس پر پتھراؤ کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ گزشتہ 21 دنوں میں ہی وندے بھارت پر کم از کم چار بار حملے ہوئے ہیں۔ ان حملوں سے وندے بھارت ایکسپریس پر سفر کرنے والے مسافر کا خوف زدہ ہونا لازمی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لگاتار مسافر اس طرح کے حملوں پر سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔