رام مندر پر بیان: سنجے سنگھ کے خلاف ایک دن میں 5 اضلاع میں ایف آئی آر

عام آدمی پارٹی کے رہنما پر الزام ہے کہ وہ ریاست کی بی جے پی حکومت کے خلاف بیان بازی کر کے بدامنی پھیلا رہے ہیں اور سماج میں منافرت کو فروغ دے رہے ہیں

تصویر بشکریہ ٹوئٹر @SanjaySinghAAP
تصویر بشکریہ ٹوئٹر @SanjaySinghAAP
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: عام آدمی پارٹی (عآپ) کے رکن راجیہ سبھا سنجے سنگھ کے خلاف اتر پردیش میں ایک ہی دن میں پانچ اضلاع میں ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ سنجے سنگھ نے فیس بک پوسٹ لکھ کر اس کی اطلاع دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ایف آئی آر لکھیم پور کھیری، علی گڑھ، مظفر نگر، باغپت اور سنت کبیر نگر میں درج کرائی گئی ہیں۔

عام آدمی پارٹی کے رہنما پر الزام ہے کہ وہ ریاست کی بی جے پی حکومت کے خلاف بیان بازی کر کے بدامنی پھیلا رہے ہیں اور سماج میں منافرت کو فروغ دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سنجے سنگھ نے بابری مسجد کے مقام پر رام مندر تعمیر کے لئے کی جانے والی بھومی پوجن تقریب میں دلتوں مدعو نہ کئے جانے پر سوال کھڑا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کر کے بی جے پی حکومت نے دلتوں کو نظر انداز کیا ہے۔


علی گڑھ اور لکھیم پور کھیری میں درج ایف آئی آر کے حوالہ سے پولیس نے کہا کہ عآپ رہنما پر الزام ہے کہ وہ نفرت پھیلا رہے ہیں اور کئی ذاتوں کو ریاستی حکومت کے خلاف اکسا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سنجے سنگھ پر آئینی شائستگی پامال کرنے کا بھی الزام ہے۔ سنجے سنگھ کے علاوہ پارٹی کے سبھاجیت سنگھ اور برج کماری پر بھی آئی پی سی کی کئی دفعات کے تحت علی گڑھ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ شکایت کنندہ کا الزام ہے کہ سنجے سنگھ اتر پردیش حکومت پر ٹھاکروں کی حمایت کرنے کا الزام عائد کر کے نفرت پھیلا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق شکایت میں کہا گیا ہے کہ سنجے سنگھ نے 12 اگست کو کہا کہ صدر کووند کو اس لئے رام مندر تعمیر کے بھومی پوجن میں نہیں بلایا کیوں کہ وہ دلت طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ پولیس کے مطابق شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ سنجے سنگھ نے الزام عائد کیا ہے کہ اتر پردیش کے برہمنوں پر ظلم و ستم کیا جا رہا ہے اور بی جے پی کے 58 برہمن ارکان اسمبلی ناراض ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ دنیش شرما اپنے طبقہ تک کی آواز نہیں اٹھا پا رہے ہیں۔ لکھیم پور کھیری میں درج ایف آئی آر میں بھی کم و بیش یہی باتیں کہی گئی ہیں۔


ایف آئی آر درج ہونے کے بعد سنجے سنگھ نے یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے کہا ’’ابھی 70 اضلاع باقی ہیں۔ ذرا جلدی جلدی تمام اضلاع میں ایف آئی آر درج کرائیے۔ اگر اتنے دھیرے دھیرے کام کریں گے کو کام کیسے چلے گا؟‘‘ سنجے سنگھ نے یوگی حکومت کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’یاد رکھیے یوگی جی سنجے سنگھ نہ جھکے گا، نہ رُکے گا ، نہ ٹوٹے گا، سچ بولتا رہے گا۔‘‘

خیال رہے کہ سنجے سنگھ عام آدمی پارٹی کے قومی ترجمان ہونے کے علاوہ اتر پردیش اور بہار کے انچارج بھی ہیں۔ اتر پردیش میں 2022 کو ہونے والے انتخابات کے پیش نظر عام آدمی پارٹی یہاں کافی فعال ہے اور سنجے سنگھ لگاتار ریاست کا دورہ کر رہے ہیں۔ سنجے سنگھ خود بھی یوپی کے سلطان پور سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کی کوشش ریاست میں اپنی پارٹی کو مضبوط کرنے کی ہے۔ آنے والے دنوں میں سنجے سنگھ کی سیاستی سرگرمی بڑھنے پر ان پر مزید ایف آئی درج ہونے کے امکانات کو خارج نہیں کیا جا سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Aug 2020, 12:56 PM