سری نگر منٹل اسپتال عبدالصمد انقلابی کی ’ہیلتھ رپورٹ‘ پیش کرے: ریاستی انسانی حقوق کمیشن

خاندانی ذرائع نے کہا کہ کوٹ بلوال جیل سے صمد انقلابی کو ڈسٹرکٹ جیل بارہمولہ منتقل کیا گیا جہاں اس کا ذہنی توازن بگڑ گیا جس کے پیش نظر انہیں یکم اکتوبر کو منٹل اسپتال سری نگر منتقل کیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جموں کشمیر اسٹیٹ حقوق انسانی کمیشن نے اسلامی تنظیم آزادی جموں و کشمیر کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی کا دوران حراست دماغی توازن بگڑنے کے بارے میں ذہنی امراض کے اسپتال، جہاں وہ فی الوقت زیر علاج ہیں، کے سپرنٹنڈنٹ کے نام ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں محبوس چیئرمین کا میڈیکل رپورٹ مقررہ وقت کے اندر اندر داخل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ دریں اثنا عبدالصمد انقلابی کے اہل خانہ نے حکام سے انقلابی کو خصوصی علاج ومعالجہ فراہم کرنے اور اس کو انسانی بنیادوں پر رہا کرنے کی اپیل کی ہے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی کی بارہمولہ جیل میں دوران حراست ذہنی صحت بگڑ گئی جس کے پیش نظر ان کو منٹل اسپتال سری نگر منتقل کیا گیا جہاں وہ فی الوقت زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صمد انقلابی کو سال گزشتہ کے ماہ دسمبر میں پی ایس اے کے تحت گرفتار کرکے کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کیا گیا جہاں انہیں کئی ماہ تک مقید رکھا گیا۔


خاندانی ذرائع نے کہا کہ کوٹ بلوال جیل سے صمد انقلابی کو ڈسٹرکٹ جیل بارہمولہ منتقل کیا گیا جہاں اس کا ذہنی توازن بگڑ گیا جس کے پیش نظر انہیں یکم اکتوبر کو منٹل اسپتال سری نگر منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صمد انقلابی کو سال 1992 سے ہی اکثر وبیشتر گرفتار کیا جا رہا ہے اور وہ کئی عارضوں میں مبتلا ہیں۔

محبوس کے اہل خانہ نے دوران حراست صمد انقلابی کی بگڑتی صحت کے پیش نظر جموں کشمیر اسٹیٹ حقوق انسانی کمیشن کی طرف رجوع کرنے کے علاوہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ انقلابی کے لئے خصوصی علاج ومعالجہ فراہم کرے اور انہیں انسانی بنیادوں پر رہا کرے۔


ادھر جموں و کشمیر اسٹیٹ حقوق انسانی کمیشن نے منٹل اسپتال سری نگر کے سپرنٹنڈنٹ کے نام ایک نوٹس جاری کی ہے جس میں عبدالصمد ملہ (انقلابی) ولد عبدالرحمان ملہ ساکن گنستھان سمبل کی ہیلتھ رپورٹ مقررہ وقت کے اندر اندر داخل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔