’سیاست میں نئے باب کی شروعات‘، پرچۂ نامزدگی داخل کرنے سے ایک دن قبل پرینکا گاندھی کو ملی مبارکبادیاں، کئی ویڈیو پیغامات جاری
پرینکا گاندھی اپنی ماں سونیا کے ساتھ کیرالہ پہنچ چکی ہیں، سلطان بتھیری واقع سپتا ریسورٹ میں دونوں کا پارٹی لیڈران و کارکنان نے پرتپاک استقبال کیا، پرینکا گاندھی نے کچھ مقامی لوگوں سے بھی ملاقات کی۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی 23 اکتوبر کو وائناڈ پارلیمانی سیٹ سے پرچۂ نامزدگی داخل کریں گی۔ وہ آج اپنی ماں سونیا گاندھی کے ساتھ کیرالہ پہنچ بھی چکی ہیں جہاں پارٹی لیڈران و کارکنان نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر کچھ تصویریں شیئر کی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سلطان بتھیری واقع سپتا ریسورٹ میں دونوں سرکردہ لیڈران کا استقبال کیا جا رہا ہے۔
پرینکا گاندھی نے تو سلطان بتھیری میں ایک مقامی خاتون سے ملاقات بھی کی جس سے انھیں بے پناہ اپنائیت ملی۔ ضعیف خاتون نے پرینکا گاندھی کو بطور تحفہ وہ مالا بھی پیش کیا جسے وہ برسوں سے پہن رہی تھی۔ محبت بھرے اس تحفہ کو حاصل کر کانگریس جنرل سکریٹری نے مسرت کا اظہار کیا اور انھیں گلے سے لگایا۔ اس ملاقات کی ویڈیو بھی کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈ پر شیئر کی ہے۔
اس درمیان کانگریس کے کئی سرکردہ لیڈران نے ویڈیو پیغامات جاری کر پرینکا گاندھی کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ ہندوستان کی سیاست میں ایک نیا باب شروع ہونے جا رہا ہے۔ آئیے نیچے دیکھیں کس لیڈر نے پرینکا گاندھی کو کن الفاظ میں مبارکباد پیش کی...
وجئے وڈیٹیوار (قائد حزب اختلاف، مہاراشٹر اسمبلی):
ہندوستان کی سیاست میں ایک نیا باب شروع ہونے جا رہا ہے۔ ہماری لیڈر پرینکا گاندھی جی وائناڈ سے اپنا پرچۂ نامزدگی بھرنے جا رہی ہیں۔ ہمیں پورا بھروسہ ہے کہ نصف آبادی کے حق کے لیے پرینکا گاندھی جی لڑتی رہیں گی اور ہمیں ملک کی سیاست میں ایک نئی تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔ میں پرینکا گاندھی جی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
عمران مسعود (رکن پارلیمنٹ، کانگریس):
آج بہت خوشی کا دن ہے۔ ہماری لیڈر پرینکا گاندھی جی وائناڈ سے پرچۂ نامزدگی بھرنے جا رہی ہیں۔ آج کانگریس کارکنان کے من کی مراد پوری ہونے جا رہی ہے۔ یہ ملک میں نئی سیاسی تبدیلی کی شروعات ہے۔ میں پرینکا جی کو پیشگی جیت کی مبارکباد دیتا ہوں۔
دگ وجئے سنگھ (رکن پارلیمنٹ، کانگریس):
ملک کی سیاست میں ایک نیا باب جڑ رہا ہے۔ پرینکا گاندھی جی اس سیٹ سے انتخاب لڑ رہی ہیں، جہاں کی عوام نے راہل جی کو منتخب کر پارلیمنٹ بھیجا تھا۔ مجھے یقین ہے کہ وائناڈ کے ہمارے بھائی بہن بڑی اکثریت سے انھیں منتخب کر پارلیمنٹ میں بھیجیں گے۔ میری دل کی گہرائیوں سے نیک خواہشات۔
آرادھنا مشرا مونا (رکن اسمبلی، کانگریس):
اس ملک کی سیاست میں ایک نیا باب جڑنے جا رہا ہے۔ ہم سب کی محبوب لیڈر پرینکا گاندھی جی وائناڈ سے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کرنے جا رہی ہیں۔ انھوں نے اس ملک کی خواتین، کسانوں اور نوجوانوں کی آواز بلند کی ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ پارٹی میں اپنی صلاحیت دکھانے کے بعد وہ ایوان میں لوگوں کی آواز بنیں۔ ہم سبھی کی طرف سے پرینکا گاندھی جی کو بہت بہت نیک خواہشات۔
پرمود تیواری (رکن پارلیمنٹ، کانگریس):
کیرالہ کے وائناڈ سے پرینکا گاندھی جی لوک سبھا میں داخل ہونے جا رہی ہیں۔ پرینکا گاندھی جی میں ایک حیرت انگیز صلاحیت ہے، جو بڑی سے بڑی بات کو آسانی سے سامنے رکھ دیتی ہیں، اسی کو تو پارلیمانی انداز کہتے ہیں۔ یہ ملک کی جمہوریت کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔
اجئے رائے (اتر پردیش کانگریس صدر):
ہم سب کی لیڈر پرینکا گاندھی جی کل وائناڈ سے نامزدگی کا پرچہ بھرنے جا رہی ہیں۔ ہاتھرس سے لے کر اناؤ میں جب خواتین کے ساتھ مظالم ہوئے، تو اس میں پرینکا گاندھی جی نے آگے بڑھ کر آواز اٹھائی۔ اس لیے ہم یقینی طور پر چاہیں گے کہ ایسی لیڈر پارلیمنٹ میں لوگوں کی نمائندگی کریں۔ پرینکا گاندھی جی کو ہماری پیشگی نیک خواہشات۔
راگنی نایک (قومی ترجمان، کانگریس):
خواتین سے جڑے ہر اہم موضوع کو سیاست کے اصل دھارے میں لانے کے لیے، ملک کے بڑے فیصلوں کے عمل سے خواتین کو جوڑنے کے لیے... وعدہ اور فعل کی جس بیداری کا پھیلاؤ پرینکا گاندھی جی نے پورے ملک میں کیا ہے، وائناڈ میں ان کے پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کے ساتھ ہی اس کا ایک نیا باب شروع ہونے جا رہا ہے۔ پرینکا دیدی، آپ کو جیت کی پیشگی مبارکباد۔
الکا لامبا (صدر، کل ہند مہیلا کانگریس):
’لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں‘ کا نعرہ ہندوستان کی سیاست میں بلند کرنے والی پرینکا گاندھی جی وائناڈ میں اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کرنے جا رہی ہیں۔ پرینکا گاندھی جی کی آواز نہ صرف وائناڈ، بلکہ پورے ملک کی نصف آبادی کے حقوق کو بلند کرنے کا ذریعہ بنے گی۔ ہم اس موقع پر پرینکا گاندھی جی کو پیشگی جیت کی مبارکباد دیتے ہیں۔
جیتو پٹواری (مدھیہ پردیش کانگریس صدر):
کل پرینکا گاندھی جی وائناڈ سے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کر رہی ہیں۔ جو آئین کی لڑائی راہل گاندھی جی لڑ رہے ہیں، یہ اسی لڑائی کو مزید مضبوط کرنے کا ایک موقع ہے۔ پرینکا گاندھی جی جس نصف آبادی کے حق کی بات کرتی ہیں، اسے مزید بلند کرنے کے لیے وائناڈ کی عوام انھیں لاکھوں ووٹوں سے کامیاب بنانے جا رہی ہے۔ آپ کو بہت ساری نیک خواہشات۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔