بنگال میں بی جے پی لیڈر شبھیندو ادھیکاری کے کمبل تقسیم پروگرام میں بھگدڑ، تین خواتین کی موت

تقریب کا انعقاد آسنسول کے سابق میئر اور بی جے پی لیڈر جتیندر تیواری نے کیا تھا، شبھیندو ادھیکاری تقریب کے مہمان خصوصی تھے، پولیس ذرائع نے کہا ہے کہ بی جے پی نے اس تقریب کی کوئی اجازت نہیں لی تھی۔

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آواز بیورو

مغربی بنگال کے آسنسول میں بدھ کی شام ریاست میں بی جے پی کا چہرہ اور حزب مخالف لیڈر شبھیندو ادھیکاری کے کمبل تقسیم پروگرام میں بھگدڑ مچ گئی۔ خبروں کے مطابق بھگدڑ کی زد میں آنے سے تین لوگوں کی موت ہو گئی اور پانچ دیگر افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو آسنسول ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثے کی وجہ بھیڑ کا امنڈنا بتایا جا رہا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق واقعہ اس وقت ہوا جب شبھیندو ادھیکاری اپنی تقریر ختم کر تقریب کے مقام سے چلے گئے تھے۔ تقریب کا انعقاد آسنسول کے سابق میئر اور بی جے پی لیڈر جتیندر تیواری نے کیا تھا۔ شبھیندو ادھیکاری تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ آسنسول پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے اس تقریب کی کوئی اجازت نہیں لی تھی۔


اس حادثے کو لے کر ٹی ایم سی شبھیندو ادھیکاری پر حملہ آور نظر آ رہی ہے۔ ٹی ایم سی نے اس حادثے کے لیے حزب مخالف لیڈر کو ہی قصوروار ٹھہرایا ہے۔ پارٹی ترجمان کنال گھوش نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پتہ چلا ہے بی جے پی نے پولیس کی اجازت کے بغیر اس غیر قانونی ریلی کا انعقاد کیا تھا۔ اس طرح غریبوں کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ہے۔ گھوش نے مزید کہا کہ شبھیندو ادھیکاری کو اس حادثے کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔ انھیں اس حادثے کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔