سریجن معاملے میں دوسری موت
پٹنہ:سریجن گھوٹالہ میں گرفتارناظر مہیش منڈل کی اتوار کو دیر رات بھاگل پور میڈیکل کالج میں موت ہو گئی۔ واضح رہے کہ اس سال فروری میں سریجن گھوٹالہ کی اہم ملزم اور سریجن نامی غیر سرکاری تنظیم کی سیکریٹری منورما دیوی کا بھی انتقال ہو چکا ہے ۔ ان دواہم لوگوں کے انتقال کے بعد جانچ میں کیا نکلے گا یہ تو وقت ہی بتائے گا ۔واضح رہے مہیش منڈل گرفتاری سے پہلے ہی بیمار تھے اور گرفتاری سے دو دن قبل ہی انہوں نے ڈائلیسس کرایا تھا۔ مہیش منڈل سریجن گھوٹالہ میں اب تک گرفتار 13 افراد میں سے ایک تھے ۔
سریجن گھوٹالہ بہار کی سیاست میں سب سے بڑا مدا بنتا جا رہا ہے۔ اتوار کو ہی آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اور نائب وزیر اعلی سشیل کمار مودی کے استعفے مانگے تھے۔نتیش کے ذریعہ اس معاملے کی سی بی آئی جانچ کرانے کے فیصلے پر بھی سوال کھڑا کرتے ہوئے لالو نے کہا کہ ’’یہ جانچ نتیش کمار نے اپنی مرضی سے نہیں کرائی بلکہ یہ جانچ ریزرو بینک کے سرکولر کی وجہ سے ہوئی ہے‘‘۔ واضح رہے آج سے شروع ہونے والے بہار اسمبلی کے پانچ روزہ اجلاس میں سریجن گھوٹالہ پر زبردست ہنگامے کے آثار ہیں ۔
لالو نے نتیش پر الزام لگایا ہے کہ وہ اس معاملے میں ایک سینئر افسر جے شری ٹھاکر کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ واضح رہے جے شری پر جب الزام لگا تھا تو چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف کارروائی ان کے دائرے اختیار میں نہیں ہے اس پر فیصلہ وزیر اعلی ہی لے سکتے ہیں لیکن وزیر اعلی نے ان کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی۔ لالو نے کہا صرف اتنا ہی نہیں بلکہ گھوٹالہ کی جانچ کرنے والے ڈی ایم کا بھی تبادلہ کر دیا۔اس معاملے کو لیکر لالو کے تیور سخت ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ 2010-11کی سی اے جی رپورٹ میں سرکاری خزانے میں 11سے12 کروڑ روپے کی گڑبڑی کا الزام لگایا تھا۔
واضح رہے کہ سریجن نامی غیر سرکاری تنظیم کا پیسوں کی ہیرا پھیری کا پہلامعاملہ سال 2009میں سامنے آیا تھا۔ اس غیر سرکاری تنظیم کی ذمہ دار منورما دیوی تھیں جن کی اس سال فرری میں موت ہو چکی ہے۔ اس تنظیم کی موجودہ سیکریٹری پریہ کمار فرار ہیں اور وہ منورما دیوی کی بہو ہیں۔ یہ گھوٹالہ اب کئی سو کروڑ کا بتایا جا رہا ہے۔ منورما دیوی اور مہش منڈل کی موت کے بعد ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کیا یہ گھوٹالہ بھی ویاپم گھوٹالہ کی طرح ہو جائے گا جس میں بھی بہت سے ملزم جانچ کے دوران ہی مر چکے ہیں۔ جانچ کی سمت کیا رہتی ہے یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا لیکن یہ طے ہے کہ آنے والے دنوں میں لالو اس مدے کو نتیش کے خلاف بڑے سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 21 Aug 2017, 11:26 AM