طیارہ میں تکنیکی خرابی کی خبر سے 150 مسافروں کے اُڑ گئے ہوش، ہوئی ایمرجنسی لینڈنگ
بنگلورو سے دہلی آ رہے اسپائس جیٹ کے 150 مسافروں کے لیے جمعہ کی رات دہشت بھری گزری۔ رات تقریباً 2 بجے تکنیکی خرابی کے سبب فلائٹ کی ایمرجنسی لینڈنگ ناگپور میں کرانی پڑی۔
بنگلورو سے دہلی آ رہے اسپائس جیٹ کے 150 مسافروں کی جمعہ کی شب دہشت میں گزری۔ خبروں کے مطابق جمعہ کی رات تقریباً 2 بجے بنگلورو سے دہلی آ رہے طیارہ میں تکنیکی خرابی محسوس کی گئی جس کے بعد فلائٹ کی ایمرجنسی لینڈنگ ناگپور میں کی گئی۔
مسافروں کے لیے بری خبر یہ بھی تھی کہ فلائٹ کے ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے باوجود وہ گھنٹوں تک طیارہ سے باہر نہیں نکل پائے۔ اس وجہ سے مسافروں میں دہشت کچھ زیادہ ہی دیکھنے کو ملی۔ خبروں کے مطابق تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تک مسافر طیارے میں پھنسے رہے اور صبح 5.30 بجے انھیں باہر نکالا جا سکا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اسپائس جیٹ طیارہ کے فیوئل گیج میں کوئی تکنیکی خرابی نظر آئی۔ اس کے بعد پائلٹ نے تقریباً 2 بجے طیارہ کی ناگپور میں ایمرجنسی لینڈنگ کروائی۔ اس ایمرجنسی لینڈنگ کی وجہ سے مسافروں میں پہلے ہی کافی دہشت کا ماحول تھا، اور پھر لینڈنگ کے بعد جب طیارہ کا گیٹ نہیں کھل سکا تو اس دہشت میں مزید اضافہ ہو گیا۔ مسافروں کو مجبوری میں پوری رات طیارہ میں ہی گزارنی پڑی۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ انھیں 2 بجے سے لے کر 5.30 بجے تک طیارہ میں ہی رکھا گیا۔ تقریباً 6 بجے مسافروں کو طیارہ سے نکال کر ائیر پورٹ کے ٹرمینل میں لے جایا گیا۔ حالانکہ اسپائس جیٹ نے اس بارے میں ٹوئٹر پر مسافروں کے سوالوں کے جواب دیے، لیکن ابھی تک اس سلسلے میں کوئی آفیشیل بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 11 May 2019, 12:10 PM