کمسن بچی کی آبرو ریزی معاملے میں جنگی بنیادوں پر انصاف فراہم کیا جائے گا: کمشنر

شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے ملک پورہ ترہگام میں 8 مئی کو 3 سالہ بچی کے ساتھ دل دہلانے والے واقعے کے خلاف وادی بھر میں احتجاجوں اور ہڑتالوں کا لامتناہی سلسلہ جاری ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کہا ہے کہ شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے ملک پورہ ترہگام میں 8 مئی کو 3 سالہ بچی کے ساتھ پیش آئے آبرو ریزی کے شرمناک واقعے میں جنگی بنیادوں پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔

عوام سے امن کے ماحول کو برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے صوبائی کمشنر بصیر خان نے پیر کے روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا 'عوام امن وقانون قائم رکھیں اور ضلع انتظامیہ اور پولس پر اعتماد رکھیں، میں یقین دلاتا ہوں کہ انصاف ہوگا اور ملوث شخص کو سخت قانونی سزا دی جائے گی'۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں جنگی بنیادوں پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔


اس سانحے میں جلد سے جلد کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرتے ہوئے صوبائی کمشنر نے کہا کہ گورنر صاحب نے اس واقعے میں فاسٹ ٹریک بنیادوں پر کارروائی کرنے کی ہدایات دی ہیں اور ہم دن رات اس کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ صوبائی کمشنر نے کہا کہ اگر کسی کو کسی قسم کا کوئی شک یا شبہ ہوجائے تو وہ میرے ساتھ براہ راست رابطہ کرسکتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کمسن بچی کی آبرو ریزی کے سلسلے میں ریاستی پولس نے پہلے ہی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے اور قصوروار کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولس نے قصوروار کے حق میں جعلی پیدائشی سند جاری کرنے والے پرائیویٹ اسکول کے پرنسپل کے نام سمن جاری کیا ہے اور اس کو پوچھ تاچھ کے لئے بھی طلب کیا گیا ہے۔


ایس ایس پی بانڈی پورہ راہل ملک نے لوگوں سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم کی اصل عمر کا پتہ لگانے کے لئے سائنسی طریقہ کار استعمال کیا جائے گا اور اس کے لئے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم تشکیل دی جائے گی۔

ادھر اس دل دہلانے والے واقعے کے خلاف وادی بھر میں احتجاجوں اور ہڑتالوں کا لامتناہی سلسلہ جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔