عید الاضحی اور کانوڑ یاترا کے پیش نظر جعفر آباد میں پولیس اور آر ڈبلیو اے کی خصوصی میٹنگ منعقد
میٹنگ میں آر ڈبلیو اے جعفر آباد اور سمیتی کے چیئرمین ڈاکٹر فہیم بیگ نے کہا کہ شمال مشرقی ضلع محبتوں کا ضلع ہوا کرتا تھا، لیکن نہ جانے اسے کس کی نظر لگ گئی جو ہمیں فسادات کے زخم کھانے پڑے۔
نئی دہلی: عید الاضحی اور کانوڑ یاترا کے پیش نظر دہلی پولیس کی آر ڈبلیو اے اور ’ناگرک سرکشا سمیتی‘ کے ساتھ جعفر آباد کے جنت بارات گھر میں خصوصی میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت بھجن پورہ اے سی پی ادے ویر سنگھ نے کی۔ میٹنگ میں ویلکم، جعفرآباد اور چوہان بانگر علاقے کے ائمہ مساجد، آر ڈبلیو اے جعفرآباد اور ناگرک سرکشا سمیتی کے عہدیداران کے علاوہ معززین علاقہ موجود تھے۔
میٹنگ میں آر ڈبلیو اے جعفرآباد اور سمیتی کے چیئرمین ڈاکٹر فہیم بیگ نے کہا کہ شمال مشرقی ضلع محبتوں کا ضلع ہوا کرتا تھا، لیکن نہ جانے اسے کس کی نظر لگ گئی جو ہمیں دو سال قبل ہونے والے فسادات کے زخم کھانے پڑے۔ لیکن ہمارے علاقے کے ہندو-مسلم بھائیوں نے آپسی محبت، بھائی چارے کے ساتھ ایک نئے دور کا آغاز کیا اور اب ہم ہر تہوار مل جل کر مناتے ہیں۔ اس لئے اے سی پی صاحب سے گزارش ہے کہ جب ایسی میٹنگ ہوا کرے تو سبھی سماج کے افراد کو مدعو کیا جانا چاہئے۔ ساتھ ہی دہلی میونسپل کارپوریشن، دہلی ٹریفک پولیس، پی ڈبلیو ڈی اور دیگر محکموں کے افسران کو بھی شامل کرنا چاہئے، یا الگ سے میٹنگ کی جائے۔
چند دنوں میں عید الاضحیٰ کا تہوار آنے والا ہے جس کے لئے روڈ نمبر 65 جنتا کالونی اور روڈ نمبر 66 پر جانوروں کا بازار لگتا ہے جس میں ملک کی مختلف ریاستوں سے لوگ اپنے مویشی بیچنے آتے ہیں اور دہلی کے کونے کونے سے لوگ خریداری کرنے آتے ہیں جس کی وجہ سے بدانتظامی پیدا ہو جاتی ہے جس کو سنبھالنے کے لئے اگر تمام متعلقہ محکمے ایک ساتھ کام کریں تو کچھ بھی پریشانی نہیں ہوگی اور تہوار بھی پرامن طریقہ سے منایا جا سکتا ہے آنے والے دنوں میں کانوڑ یاترا بھی شروع ہونے والی ہے، جس کے لئے ہم سب کو مل کر انتظامی امور کو بخوبی انجام دینا ہے۔
عیدگاہ کمیٹی کے صدر حاجی اقبال، حاجی سرور نے کہا کہ عید کے روز عیدگاہ میں نمازیوں کی بڑی تعداد ہوتی ہے جس کی وجہ سے پل پر بھیڑ ہو جاتی ہے اور سیمنٹ کا بیریکیڈ لگا رہتا ہے جس کی وجہ سے سڑک پار کرنے میں دقت ہوتی ہے۔ اس لئے پولیس انتظامیہ کو عید کے دن تین گھنٹے کے لئے بیریکیڈ ہٹانے پر غور کرنا چاہیے۔
تھانہ جعفر آباد کے ایس ایچ او رام سہائے مینا نے لوگوں کی بات سننے کے بعد کہا کہ معاشرے میں امن و امان برقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے جس کے لئے پولیس ہمہ وقت مستعد ہے۔ جعفرآباد تھانے کے ایڈیشنل ایس ایچ او جتیندر تیواری نے بھی اظہار خیال میں تہوار کو پرامن طور پر منانے کے لئے زور دیا۔
ادے ویر سنگھ نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم سماج دشمن عناصر پر نظر رکھیں اور تہواروں کی خوشیاں پرامن اور منظم طریقے سے منائیں، ساتھ ہی ایک دوسرے کے جذبات کو سمجھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرا اس ضلع سے تعلق بہت پرانا ہے، میں یہاں آپ کی خدمت کے لیے حاضر ہوں اور ہم سب مل کر اپنے علاقے کو امن اور بھائی چارے کی مثال بنانے کی کوشش کریں گے۔ اس موقع پر حاجی شفیق، سلیم، محمد نفیس، منیر ملک، ریاض الحسن، نوشاد خان وغیرہ موجود تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔