مساجد، اور خانقاہوں میں رمضان کے عظیم الشان اور رُوح پرور اجتماعات
’ہمارے عروج و بلندی کے لئے اگرکوئی زینہ ہے تو وہ قرآن ہے اور ذلت و رسوائی سے نجات کا کوئی راستہ ہے تو وہ قرآن ہے۔ ہماری قسمت اسی کتاب سے وابستہ ہے۔ اگر کوئی راستہ کھلے گا تو اسی کے ذریعہ کھلے گا‘۔
حیدرآباد: شہر حیدرآباد کی مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں رمضان کے عظیم الشان اور رُوح پرور اجتماعات دیکھے جا رہے ہیں۔ لاکھوں کی تعداد میں فرزندان توحید تراویح، شب خوانی، ذکر واذکار، توبہ، استغفار، قرآن خوانی، نمازوں کی ادائیگی اور درس قرآن کی مجالس میں مصروف ہیں۔ علمائے کرام کی جانب سے بابرکت ماہ صیام کی رحمتوں، برکتوں، سعادتوں اور فضیلتوں پر تفصیلی روشنی ڈالی جا رہی ہے۔ شہر حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد کے علاوہ دیگر اہم مساجد جیسے شاہی مسجد باغ عامہ، یک منار مسجد، مالاکنٹہ کی مسجد اور دیگر مساجد میں نماز تراویح کے دلکش مناظر دیکھے جا رہے ہیں۔ ساتھ ہی مصلیوں سے مساجد کی رونق بڑھ گئی ہے۔
شہر کی مساجد کو روشنیوں سے منور کیا گیا ہے اور لوگ خشوع وخضوع کے ساتھ عبادات کر رہے ہیں۔ مساجد میں افطار کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔ فضائل رمضان پر خطابات، خصوصی وظائف، دعاؤں اور تہجد کا سلسلہ بھی مساجد میں جاری ہے۔ ان اجتماعات میں علماء کی جانب سے اس مقدس ماہ میں نزول قرآن کی عظمت اور صاحب قرآن ﷺ کی عظمت کے ساتھ ساتھ مقاصد رمضان اور پیغام رمضان کی عالمانہ طرز و انداز میں تشریح کی جا رہی ہے۔ لوگ ان خطابات سے بھر پور استفادہ کر رہے ہیں۔
عمائدین ملت اور زعمائے ملت نے کہا کہ رمضان وہ مہینہ ہے جس کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرا عشرہ نجات کا ہے۔ آقائے نامدار پیغمبر آخر الزماں ﷺ کی جانب سے ماہ مقدس رمضان کے استقبال اور اس ماہ کے فیوض وبرکات کا تقاریر میں تفصیلی احاطہ کیا جا رہا ہے۔ علما نے کہا کہ ماہ رمضان اپنے میں تمام برکات کو سمیٹے ہوئے ہے۔ اس ماہ کی ایک ایک ساعت قیمتی ہے۔ یہ ماہ دراصل انسان کو خالق کائنات سے جوڑنے اور نیک بننے کے ساتھ ساتھ روح کی پاکیزگی، تقوی، پرہیزگاری اور خود کو نمونہ عمل بناتے ہوئے رمضان میں اختیار کردہ ماڈل کو سارے سال جاری وساری رکھنے کی ایک مشق ہے۔ یہ بندوں کے لئے خالق کائنات کی طرف سے ایک بے نظیر تحفہ ہے جو دراصل انسانی فکر اور شعور کے انقلاب کو ایک اہم موڑ دیتا ہے۔علما نے کہا کہ قرآن مجید ہمارے لئے مرکز، منبع اور محور ہے۔
ہماری تقدیر اس وقت تک نہیں بدلے گی جب تک اس قرآن کے ساتھ ہم اپنے تعلق کو از سر نو مضبوط نہیں کرلیتے۔ ہمارے عروج و بلندی کے لئے اگرکوئی زینہ ہے تو وہ قرآن مجید ہے اورذلت و رسوائی سے نجات کا کوئی راستہ ہے تو وہ قرآن ہے۔ ہماری قسمت اسی کتاب سے وابستہ ہے۔ اگر کوئی راستہ کھلے گا تو اسی کے ذریعہ کھلے گا۔ ماہ رمضان اور قرآن مجید کا تعلق نمایاں ہے۔ اس ماہ میں عبادات کے ساتھ ساتھ طاق راتوں کی تلاش، تحقیق اور خدا کو پانے کی جستجو اور تڑپ ہم میں پیدا ہونی چاہیے۔ سماج اور معاشرہ کی بگڑتی صورتحال، دین سے دوری، اسلامی شعائر، دین کی بنیادی تعلیمات سے ناواقفیت، بے راہ روی کے بڑھتے ہوئے منفی رحجانات گھریلو تشدد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علما نے معاشرے کی ہمہ جہت اصلاح کیلئے والدین، اساتذہ، معزز شہریوں اور سماج کے باشعور افراد سے تعاون طلب کیا تاکہ ہماری نئی نسل کا دینی، تعلیمی مستقبل روشن اور درخشاں ہو اور ایک اسلامی و فلاحی معاشرہ وجود میں آسکے۔رمضان کریم کی مناسبت سے حکومت کی جانب سے بھی وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ مکہ مسجد میں نمازوں کی ادائیگی اور روزہ کھولنے کے لئے آنے والوں کے لئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
رمضان میں ہزاروں کی تعداد میں روزہ دار یہاں روزہ کھولنے کیلئے آتے ہیں۔ ایسے میں ان کی سیکورٹی کا خیال رکھنے کی مساعی کی گئی ہے۔ اس ماہ مقدس میں ریاست بھر میں 832 مساجد میں رمضان گفٹس کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود کی 448 مساجد کے علاوہ ریاست کے 32 اضلاع کی 367 مساجد میں بھی رمضان گفٹس تقسیم کیے جائیں گے۔ ہر مسجد میں دعوت افطار کا اہتمام کرنے کے لئے لاکھوں روپئے منظور کیے گئے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں تمام مساجد اور اس کے اطراف کے علاقوں میں صفائی کے انتظامات کے علاوہ لائٹنگ اور سڑکوں کی مرمت کا کام کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی جی ایچ ایم سی حدود میں مساجد کے پاس پینے کے پانی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ حیدرآباد میں رات کے اوقات جاری رہنے والے بازاروں کے پاس سیکورٹی کے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 11 May 2019, 10:10 PM