اسپین کی نائب وزیر اعظم کارمن ’کورونا پازیٹو‘، اموات معاملہ میں چین سے آگے نکلا اسپین
اسپین کے افسران کا کہنا ہے کہ کارمن کالوو کا منگل کے روز کووڈ-19 انفیکشن کے لیے ٹیسٹ ہوا تھا جس کا ریزلٹ پازیٹو آیا۔ اس سے قبل بھی ان کا کورونا ٹیسٹ ہوا تھا لیکن نتیجہ منفی آیا تھا۔
چین اور اٹلی میں ہزاروں موت کی وجہ بنے کورونا وائرس سے اس وقت اسپین کافی پریشان نظر آ رہا ہے اور وہاں کی نائب وزیر اعظم کارمن کالوو بھی اس وائرس کی زد میں آ گئی ہیں۔ اسپین میں حالات اتنے خراب ہو گئے ہیں کہ اموات معاملے میں یہ ملک چین سے بھی آگے نکل گیا ہے اور اب وہ اس معاملہ میں صرف اٹلی سے پیچھے ہے۔ اب تک اٹلی میں تقریباً 7500، اسپین میں 3600 اور چین میں 3200 لوگ اس مہلک وائرس کی وجہ سے موت کی نیند سو گئے ہیں۔
اسپین میں 14 مارچ سے ہی لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہوا ہے، اس کے باوجود یہاں اموات اور انفیکشن کی تعداد لگاتار بڑھتی جا رہی ہے۔ نائب وزیر اعظم کارمن کے کورونا پازیٹو ہونے کے بعد لوگوں میں اس بات کو لے کر تشویش بڑھ گئی ہے کہ انتہائی محتاط رہنے والے افراد بھی اس کی زد میں آنے لگے ہیں۔ اسپین کے افسران کا کہنا ہے کہ کارمن کالوو کا منگل کے روز کووڈ-19 انفیکشن کے لیے ٹیسٹ ہوا تھا جس کا ریزلٹ پازیٹو آیا۔ اس سے قبل بھی ان کا کورونا ٹیسٹ ہوا تھا لیکن نتیجہ منفی آیا تھا۔ حالانکہ موصولہ خبروں کے مطابق 63 سالہ کارمن کی طبیعت اس وقت بہت زیادہ خراب نہیں ہے اور علاج جاری ہے۔
نائب وزیر اعظم کارمن کالوو پر کورونا وائرس کا اثر معلوم ہونے کے بعد انھیں آئسولیشن میں تو رکھ دیا گیا ہے، لیکن اب ان سب کا کورونا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے جو ان کے قریبی ہیں اور جو بھی کارمن کے رابطے میں رہے ہیں۔ جس طرح کے حالات اسپین میں پیدا ہو گئے ہیں، اس کو دیکھتے ہوئے وہاں کے ڈاکٹرس بھی کافی فکرمند ہیں اور لوگوں سے کہہ رہے ہیں کہ جتنا زیادہ ہو سکے سوشل ڈسٹنسنگ اختیار کریں، کیونکہ صرف اسی راستے سے کورونا کا پھیلاؤ روکا جا سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔