اتر پردیش میں لاؤڈاسپیکر پر سنائی دے رہی ’مہنگائی‘ پر مبنی گیتوں کی گونج
لاؤڈاسپیکر پراذان اور ہنومان چالیسا تنازعہ کے درمیان سماجوادی پارٹی نے لاؤڈاسپیکر پر مہنگائی کے ایشواٹھانے شروع کر دیئے ہیں، یوپی کے کئی شہروں میں لاؤڈاسپیکر پر مہنگائی کے گانے بجنے شروع ہوگئے ہیں۔
’سکھی سیاں تو خوب ہی کمات ہے، مہنگائی ڈائن کھائے جات ہے‘... ہندی فلم ’پیپلی لائیو‘ کا یہ نغمہ ان دنوں یوپی کے کئی شہروں میں لاؤڈاسپیکر سے بجایا جا رہا ہے۔ ریاست میں برسراقتدار بی جے پی کو سمجھ میں نہیں آ رہا ہے کہ اس کا جواب کس طرح دیا جائے، کیونکہ ضروری اشیاء کی بڑھتی قیمتوں اور مہنگائی کے سبب عام لوگوں نے اب حکومت سے سوال پوچھنا شروع کر دیا ہے کہ آپ نے تو مہنگائی قابو میں کرنے کا وعدہ کیا تھا، اس کا کیا ہوا؟
اس کی شروعات کی ہے سماجوادی پارٹی لیڈروں نے، جنھوں نے اپنے گھروں پر لاؤڈاسپیکر لگا کر ان گانوں کو بجانا شروع کر دیا ہے جس میں مہنگائی اور بے روزگاری کے ایشوز اٹھائے گئے ہیں۔ سب سے پہلے یہ کام کیا وارانسی کے سماجوادی پارٹی کارکن روی کانت وشوکرما نے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ویڈیو ریلیز کی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ملک میں لاؤڈاسپیکر پر ہنومان چالیسا اور اذان کے تنازعہ کے درمیان مہنگائی کا ایشو بھی لاؤڈاسپیکر سے اٹھائیں گے۔
وشوکرما نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’’آج ملک کے سامنے اہم ایشو مہنگائی، بے روزگاری، تعلیم، صحت و سیکورٹی ہے۔ اذان اور آرتی تو لاؤڈاسپیکر پر سنائی دیتی ہے، لیکن ان ایشوز کی کوئی بات نہیں کر رہا۔ لاؤڈاسپیکر کا ایشو اٹھا کر کچھ لوگ اہم ایشوز سے دھیان بھٹکا رہے ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’جب تک سماجوادی یہاں ہیں، ہم ان اہم ایشوز کو اٹھاتے رہیں گے۔ اس کے لیے میں نے اپنی چھت پر کئی جگہ لاؤڈاسپیکر لگائے ہیں اور ان پر میں مہنگائی سے جڑے گانے بجا کر لوگوں کو بیدار کروں گا۔‘‘ اس کے بعد ویڈیو میں ’مہنگائی ڈائن کھائے جات ہے‘ نغمہ سنائی دیتا ہے۔
اس ویڈیو کو سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے بھی ٹوئٹ پر شیئر کیا۔ انھوں نے لکھا تھا ’سماجوادی‘ ایشوز کا لاؤڈاسپیکر بجوائیں گے... مہنگائی، بے روزگاری، جرائم کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔‘‘ اکھلیش کا ٹوئٹ آنے کے بعد یوپی کے کئی اضلاع میں اس طرح کے لاؤڈاسپیکر لگ گئے ہیں۔ بدایوں، پریاگ راج، ایٹاوا، قنوج، امبیڈکر نگر، بہرائچ، سنبھل، مراد آباد، وارانسی، اناؤ اور لکھنؤ میں اس طرح کے لاؤڈاسپیکر لگا کر مہنگائی کے گانے بجائے جا رہے ہیں۔
بدایوں میں سماجوادی پارٹی لیڈر اروند یادو نے کہا کہ ’’ہم رات میں لاؤڈاسپیکر نہیں بجاتے کیونکہ وہ آرام کا وقت ہوتا ہے۔ ہم دن میں رک رک کر ان پر ’پیپلی لائیو‘ اور ’روٹی، کپڑا اور مکان‘ فلم کے گانے بجاتے ہیں۔‘‘ لوگوں کو بھی سماجوادی پارٹی کی یہ مہم خوب پسند آ رہی ہے۔ انھوں نے اب بی جے پی لیڈروں سے وعدوں کا حساب مانگنا شروع کر دیا ہے۔ اس طرح کے سوالوں سے بی جے پی لیڈران بھاگتے نظر آ رہے ہیں۔ جب ایک رپورٹر نے بی جے پی ترجمان سے اس سلسلے میں سوال کیا تو انھوں نے جواب دیا کہ ’’بھائی صاحب میرا ری ایکشن مت لو، منھ چھپانا پڑ رہا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔