یوگی حکومت اپنے خلاف ایف آئی آر درج کرائے:اکھلیش
گزشتہ 26اپریل کو ماک ڈرل کے نام پر پانچ منٹ کے لئے آکسیجن سپلائی بند کی اور الزام ہے کہ اس کی وجہ سے 22مریضوں کی موت ہوگئی تھی۔
آگرہ کے اسپتال میں مبینہ طور سے آکسیجن ماک ڈرل میں 22مریضوں کی موت کو میڈیکل نظام پربدنما داغ قرار دیتے ہوئے سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ حکومت کو اس کی ذمہ داری لیتے ہوئے اپنے خلاف ایف آئی آر درج کرانی چاہئے۔
مسٹر یادو نے منگل کواپنے ٹوئٹ میں لکھا'آگرہ کے ایک اسپتال میں آکسیجن ماک ڈرل میں 22افراد کی موت کی خبر بےحد تکلیف دہ ہے۔ مہلوکین کے اہل خانہ سے تعزیت، یہ واقعہ اترپردیش کے میڈیکل نظام پر ایک بڑا دھبہ ہے۔ انتظامیہ،حکومت کے ذریعہ اس معاملے کو دبانہ سخت مجرمانہ عمل ہے۔ یوپی کی بی جے پی حکومت اب اپنے خلاف ایف آئی آر درج کرے۔‘
قابل ذکر ہے کہ آگرہ کے ایک پرائیویٹ اسپتال کے مالک کا ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں اس نے گزشتہ 26اپریل کو ماک ڈرل کے نام پر پانچ منٹ کے لئے آکسیجن سپلائی بند کی۔ الزام ہے کہ اس کی وجہ سے 22مریضوں کی موت ہوگئی تھی۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس معاملے میں سخت رخ اختیار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کو سخت کاروائی کی ہدایت دی ہے۔اس معاملہ پر کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے لوگوں کی جان سے کھیلنے کے لئے اتر پردیش حکومت کی سخت تنقید کی ہے۔واضح رہےاس معاملہ میں ہر طرف سےسخت کارروائی کا مطالبہ ہو رہا ہے اور دیکھنا یہ ہے کہ اس معاملہ میں کیا کارروائی ہوتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔