جنوبی کشمیر: شوپیاں تصادم میں غیر ملکی ملی ٹینٹ مارا گیا
جنوبی ضلع شوپیاں کے کاپرن گاوں میں درمیانی شب سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین تصادم آرائی میں جیش کا پاکستانی ملی ٹینٹ مارا گیا
سری نگر: جنوبی ضلع شوپیاں کے کاپرن گاوں میں درمیانی شب سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین تصادم آرائی میں جیش کا پاکستانی ملی ٹینٹ مارا گیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے کاپرن شوپیاں گاوں میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب اس علاقے کو اپنے محاصرے میں لے کر اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔
انہوں نے بتایا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند گولیاں برساکر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم حفاظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے اُنہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔ موصوف ترجمان کے مطابق کچھ عرصے تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں جیش کا پاکستانی جنگجو کامران بھائی مارا گیا۔
اُن کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹ سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اورا ُنہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش تھا جبکہ اُس کے خلاف جرائم کی ایک لمبی فہرست بھی موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کامران بھائی عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہا ہے۔
دریں اثنا ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ شوپیاں کے کاپرن گاوں میں سیکورٹی فورسزکے ساتھ تصادم میں ایک ملی ٹینٹ ہلاک ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوک جنگجو کی شناخت کامران بھائی عرف ہانیس کے بطور ہوئی ہے اور وہ شوپیاں اور کولگام اضلاع میں سرگرم تھا۔اُن کے مطابق گاوں میں آپریشن ہنوز جاری ہے۔
علاوہ ازیں پولیس نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محافظ ہے لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔