جنوبی کشمیر: سرہامہ بجبہاڑہ میں ملی ٹنٹوں اور فورسز کے مابین تصادم، انٹرنیٹ خدمات منقطع

پولیس ذرائع نے بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر جنوبی ضلع اننت ناگ کے کئی علاقوں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو بھی منقطع کیا گیا ہے۔

سیکورٹی فورس، علامتی تصویر یو این آئی
سیکورٹی فورس، علامتی تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

سری نگر: جنوبی کشمیر کے سرہامہ بجبہاڑہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد حفاظتی عملے نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دیئے ہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر جنوبی ضلع اننت ناگ کے کئی علاقوں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو بھی منقطع کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے سرہامہ بجبہاڑہ گاؤں میں ملی ٹنٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے درمیانی شب اس علاقے کو اپنے محاصرے میں لے کر انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔


انہوں نے بتایا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم حفاظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے انہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوگئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے سرہامہ، سریگفوارہ اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستے سیل کئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں دو سے چار ملی ٹنٹ موجود ہو سکتے ہیں۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں دو طرفہ گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔ دریں اثنا انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ضلع اننت ناگ کے کئی علاقوں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو منقطع کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔