جنوبی افریقہ کا نیا کورونا ویریئنٹ: صورت حال بگڑنے پر پونہ میں عائد ہوسکتی ہیں پابندیاں، اجیت پوار کا بیان

پونے کے حالات کے بارے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اجیت پوار نے کہا کہ پونہ شہر میں ابھی حالات بہتر ہیں، اور مشکل حالات پیدا ہوئے تو پابندیاں بھی لگائی جا سکتی ہیں۔

اجیت پوار / یو این آئی
اجیت پوار / یو این آئی
user

محی الدین التمش

کورونا کے معاملات پر قابو پانے کی خبروں کے درمیان اب جنوبی افریقہ میں ایک نیا کورونا ویریئنٹ (Omicron) سامنے آ گیا ہے۔ اس نئی ہئیت کی پیدائش نے پوری دنیا میں ہلچل مچا دی ہے۔ مرکزی و ریاستی انتظامیہ نے نئے اقدامات کے ساتھ صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ اس نئے وائرس سے ریاستی اور مرکزی حکومت بھی فکر مند ہے۔

مہاراشٹر کے پونے شہر میں حالات کا جائزہ لینے اور کورونا سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ سرگرم دکھائی دے رہی ہے۔ پونہ شہر کے نگراں وزیر اور ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پونے کے لوگوں کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ پونے کے حالات کے بارے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اجیت پوار نے کہا کہ پونہ شہر میں پابندیاں بھی لگائی جا سکتی ہیں۔ اجیت پوار کا کہنا ہے کہ صورتحال پر غور کرنے کے بعد مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ پونہ گزشتہ کووڈ لہر میں زیادہ متاثر ہوا تھا۔ اس صورت حال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم کے ساتھ آن لائن میٹنگ میں اس معاملے کو اٹھائیں گے اور حل کے متعلق گفتگو بھی کریں گے۔


اجیت پوار نے کہا کہ پونے میں صورتحال بہتر ہے اور معاملات قابو میں ہیں، اگر صورتِ حال بگڑتی دکھائی دی تو پابندیاں لگانی پڑ سکتی ہیں۔ اجیت پوار نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ کورونا صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے ریاست کے تمام ضلع کلکٹروں کی آن لائن میٹنگ کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے وزیر اعظم نریندر مودی سے آن لائن ملاقات میں بیرون ملک سے آنے والی پروازوں سے متعلق سوالات رکھیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فی الحال گھریلو مسافروں پر کوئی پابندی نہیں ہے اور مرکزی حکومت کی ہدایات کے مطابق بین الاقوامی مسافروں پر پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

اجیت پوار نے کہا کہ پونے میں کورونا کی صورتحال فی الحال قابو میں ہونے کے پیشِ نظر یکم دسمبر سے سنیما اور تھیٹر پوری طرح سے کام کرنا شروع کر دیں گے، اور دسمبر کے چوتھے ہفتے میں بھیمتھڈی جاترے اور سوائی گندھاروا میوزک فیسٹیول جیسے پروگرام تمام قوانین کے ساتھ منعقد کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اجیت پوار نے یہ بھی کہا کہ پونے اور پمپری چنچواڑ میں جمبو کووڈ ہسپتالوں کا ڈھانچہ برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔