گانگولی کے ٹوئٹ نے دیا بی سی سی آئی سے استعفیٰ کا اشارہ، جئے شاہ نے کیا انکار!

بی سی سی آئی سکریٹری جئے شاہ نے سورو گانگولی کے استعفیٰ کی قیاس آرائیوں پر لگام لگاتے ہوئے ایک نیوز ایجنسی سے کہا کہ ’’انھوں نے استعفیٰ نہیں دیا ہے۔‘‘

سورو گانگولی، تصویر آئی اے این ایس
سورو گانگولی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

بی سی سی آئی (بورڈ آف کرکٹ کنٹرول آف انڈیا) صدر سورو گانگولی کبھی بھی اپنے عہدہ سے استعفیٰ کا اعلان کر سکتے ہیں۔ ایسا ان کے ایک ٹوئٹ سے اشارہ مل رہا ہے، حالانکہ اس ٹوئٹ میں انھوں نے صاف طور پر کچھ بھی نہیں لکھا ہے، لیکن ٹوئٹ کی تحریر تو کچھ ایسا ہی اشارہ کر رہی ہے۔ ویسے بی سی سی آئی سکریٹری جئے شاہ نے سورو گانگولی کے استعفیٰ کی قیاس آرائیوں پر لگام لگاتے ہوئے ایک نیوز ایجنسی سے کہا کہ ’’انھوں نے استعفیٰ نہیں دیا ہے۔‘‘

دراصل یکم جون کی شام سورو گانگولی نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک جذباتی پوسٹ ڈالا۔ اس میں انھوں نے لکھا ہے ’’سال 2022 کرکٹ میں میرا 30واں سال ہے۔ میں نے 1992 میں کھیلنا شروع کیا تھا، تب سے لے کر آج تک کرکٹ نے مجھے بہت کچھ دیا ہے۔ سب سے اہم اس نے مجھے آپ سبھی لوگوں کی حمایت دی ہے۔ میں ہر ایک شخص کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو میرے اس سفر کا حصہ رہے۔ میرا ساتھ دیا اور جہاں آج میں ہوں وہاں تک پہنچنے میں میری مدد کی۔ آج میں کچھ شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہوں، جس سے مجھے لگتا ہے کہ شاید کئی لوگوں کی مدد ہوگی۔ میں امید کرتا ہوں کہ زندگی میں اس نئے باب میں آپ کا ساتھ یوں ہی بنا رہے گا۔‘‘


سورو گانگولی کی اس تحریر کے بعد کئی لوگوں نے ایسی قیاس آرائیاں شروع کر دی ہیں کہ وہ سیاست میں قدم رکھ سکتے ہیں۔ اگر گانگولی کا سیاست کی طرف کوئی رجحان ہے تو پھر وہ بی سی سی آئی صدر عہدہ سے استعفیٰ دے سکتے ہیں۔ حالانکہ جئے شاہ نے اس طرح کی خبروں کو غلط ٹھہرایا ہے اور فی الحال اتنا ضروری صاف کر دیا ہے کہ انھوں نے استعفیٰ نہیں دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔