جھارکھنڈ کی سورین حکومت کرائے گی ذات پر مبنی سروے، اسمبلی انتخاب سے قبل کابینہ کا بڑا فیصلہ

جھارکھنڈ حکومت کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشنز کے انتخاب میں او بی سی کو ریزرویشن دیا جائے گا، اس کے لیے ریاست کے پسماندہ طبقہ کمیشن کو او بی سی آبادی کے سروے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>چمپئی سورین / آئی اے این ایس</p></div>

چمپئی سورین / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

جھارکھنڈ کی سورین حکومت ریاست میں ذات پر مبنی سروے کرائے گی۔ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ چمپئی سورین کی صدارت میں بدھ کے روز ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں لیا گیا۔ اس کے لیے جھارکھنڈ ایگزیکٹیو کے دستور میں ترمیم کرتے ہوئے پرسونل اینڈ ایڈمنسٹریشن اصلاح محکمہ کو ذات پر مبنی سروے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

یہ جانکاری حکومت کی کابینہ سکریٹری وندنا ڈاڈیل نے دی۔ کابینہ میں پاس تجویز میں کہا گیا ہے کہ ذات پر مبنی سروے کا مقصد ریاست میں درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل اور او بی سی طبقہ کو تناسبی برابری کا موقع فراہم کرنا ہے۔ کابینہ کی طرف سے پاس تجویز میں فی الحال یہ طے نہیں ہوا ہے کہ ذات پر مبنی سروے کا طریقہ کیا ہوگا اور اس کی شروعات کب سے ہوگی۔ اس کا پورا خاکہ پرسونل اینڈ ایڈمنسٹریشن اصلاح محکمہ طے کرے گا۔


بہار میں ذات پر مبنی سروے پورا ہونے کے بعد جھارکھنڈ دوسری ریاست ہے جس نے اس طرح کا سروے کرانے سے متعلق فیصلہ لیا ہے۔ اسے اکتوبر-نومبر میں ریاست میں ممکنہ اسمبلی انتخاب سے قبل ریاست کی جے ایم ایم-کانگریس-آر جے ڈی اتحاد والی حکومت کا بڑا فیصلہ مانا جا رہا ہے۔ اس سے قبل ریاستی حکومت نے ریاست میں 49 میونسپل کارپوریشنز کی مدت کار پورا ہونے کے بعد بھی ان کا انتخاب او بی سی ریزرویشن کا فیصد طے کرنے کے نام پر روک دیا تھا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشنز کے انتخاب میں او بی سی کو ریزرویشن دیا جائے گا۔ اس کے لیے ریاست کے پسماندہ طبقہ کمیشن کو او بی سی آبادی کے سروے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ فی الحال سروے کا کام شروع نہیں ہو سکا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔