یومِ اساتذہ پر سونیا گاندھی نے دی مبارکباد، گوگل نے بھی بنایا دلچسپ ’ڈوڈل‘
گوگل نے یومِ اساتذہ کے موقع پر ایک دلچسپ اور خاص طرح کا انیمیشن والا ڈوڈل بنایا ہے۔ گوگل نے اپنے ڈوڈل میں متحرک تصاویر کے طور پر ایک آکٹو پس کو استاد کے طور پر فلمایا ہے۔
کانگریس صدر سونیا گاندھی نے یومِ اساتذہ کے موقع پر تمام اساتذہ اور طلبا و طالبات کو مبارک باد پیش کی۔ جمعرات کو سونیا گاندھی نے اس موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’میں یومِ اساتذہ کے موقع پر تمام طلبا و اساتذہ کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔‘‘ سونیا گاندھی نے مزید کہا کہ ’’ہمارے اساتذہ قوم کے معمار ہیں، کیونکہ اساتذہ پر ہی ہمارے ملک کے مستقبل کی تشکیل اور ایمانداری کی صحیح راہ دکھانے کی بے حد اہم ذمہ داری ہوتی ہے۔ استاد ہی حب الوطنی ،سخت محنت اور لگن کی اہمیت سمجھاتے ہوئے ہماری اگلی نسل اور ملک کے مستقبل یعنی بچوں کی رہنمائی اور کردار کی تعمیر کرتے ہیں‘‘۔
سونیا گاندھی نے اساتذہ کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے یہ بھی اپنے پیغام میں لکھا کہ ’’استاد اپنے طالب علموں میں امید جگاتے ہیں، غور و فکر کی قندیل روشن کرتے ہیں اور سیکھنے کے تجسس کو بڑھاتے ہیں۔ یہ اساتذہ ہی ہیں جوطالب علموں کو زندگی کے چیلنجوں کا سامنا کرتے ہوئے آگے بڑھنے کی ہمت اور حوصلہ پیدا کرتے ہیں۔ اساتذہ کی سخت محنت اور قومی تعمیر میں تعاون کے لئے کے لئے ہم ہمیشہ ان کے شکرگزار رہیں گے۔‘‘
دوسری طرف سوشل نیٹ ورکنگ سرچ انجن گوگل نے یومِ اساتذہ کے موقع پر ایک دلچسپ اور خاص طرح کا انیمیشن والا ڈوڈل بنایا ہے۔ گوگل نے اپنے ڈوڈل میں متحرک تصاویر کے طور پر ایک آکٹو پس کو استاد کے طور پر فلمایا ہے۔ متحرک تصاویر میں آکٹوپس استاد کے طور پر کتاب پڑھنے کے بعد ریاضی کے سوال کو مچھلی کی شکل میں طالب علموں سے حل کرواتا ہے اور بعد میں اس کو مٹا دیتا ہے۔ اس دوران مچھلیاں اسے کچھ کاپیاں لا کر دیتی ہیں۔ ڈوڈل میں آکٹوپس کو استاد کے طور پر اور مچھلیوں کو طالب علموں کے طور پر ظاہر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے دوسرے صدر ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کی سالگرہ کے موقع پر ہر سال یوم اساتذہ منایا جاتا ہے۔ آج ان کی 131 ویں یوم پیدائش ہے۔ ڈاکٹر رادھا کرشنن ملک کے پہلے نائب صدر، دوسرے صدر، فلسفی، بہترین استاد اور سیاستدان تھے۔ ڈاکٹر رادھا کرشنن کو ملک کے سب سے اعلی شہری اعزاز بھارت رتن سے بھی نوازا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔